بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کے صاحبزادے ارجن ٹنڈولکر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے اور کریئر کی پہلی وکٹ لینے پر خوب تعریفیں سمیٹ رہے ہیں۔
ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے ہوئے آل راؤنڈر ارجن ٹنڈولکر نے سن رائزز حیدرآباد کے خلاف شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ان کی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی۔
منگل کی شب کھیلے جانے والے اس میچ میں ممبئی انڈینز نے سن رائزز حیدرآباد کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کپتان ایڈن مارکرم کی ٹیم 19 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی اور اسے میچ جیتنے کے لیے مزید 20 رنز درکار تھے۔
ایسے میں ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ارجن کپور کو اوور دینے کا فیصلہ کیا جو پہلے ہی اپنے دو اوورز میں صرف 14 رنز دے چکے تھے۔
ارجن کے لیے ڈیتھ اوورز میں گیند بازی کرنے کا یہ پہلا موقع تھا۔ اس سے قبل انہوں نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں ڈیتھ اوور کے دوران گیند بازی نہیں کی تھی۔
ناتجربہ کار ارجن ٹنڈولکر نے کپتان روہت شرما کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے سن رائزز حیدرآباد کے خلاف آخری اوور میں صرف چار رنز دے کر آئی پی ایل کریئر کی پہلی وکٹ بھی حاصل کی۔ اس طرح ممبئی انڈینز نے یہ میچ 14 رنز سے اپنے نام کیا۔
ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر ارجن ٹنڈولکر کے آخری اوور کے دوران چہرے پر مسکراہٹ سمیٹتے رہے جب کہ پویلین میں بیٹھے ان کے والد سچن ٹنڈلکر بھی بیٹے کے لیے فکر مند دکھائی دیے۔
کمنٹیٹر روی شاستری نے ارجن کپور کے وکٹ لینے پر کہا کہ اب وہ اپنے والد کے پاس جائیں گے جو آئی پی ایل میں ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے لیکن جونیئر ٹنڈولکر نے یہ کر دکھایا ہے۔
ممبئی انڈینز نے اس کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن سنبھال لی ہے جب کہ سن رائزز حیدرآباد کی ٹیم تین شکستوں کے بعد بدستور نویں نمبر پر موجود ہے۔