رسائی کے لنکس

ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا 19 ستمبر کو ہوگا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرکٹ کے دو بڑے اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ میں ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے سے کرکٹ کی جنگ کے لیے تیار ہیں۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایونٹ میں کرکٹ کے دو بڑے اور روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا مقابلہ 19 ستمبر کو دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات کے دو شہروں دبئی اور ابوظہبی میں 15 ستمبر سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ابوظہبی میں صرف ایک میچ رکھا گیا ہے جبکہ باقی میچز دبئی میں ہوں گے۔

ٹورنامنٹ میں کل چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان براہِ راست حصہ لیں گی۔

ایونٹ کی چھٹی ٹیم کے لیے ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں مقابلہ ہوگا اور جو بھی ٹیم یہ مرحلہ جیتے گی وہ ٹورنامنٹ کی کوالیفائر ٹیم شمار ہوگی۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں ہوگا جب کہ پاکستانی ٹیم اپنے پہلا میچ 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گی۔

ٹورنامنٹ میں کل 13 میچز ہوں گے۔ تمام ٹیمیں دو گروپس ’اے‘ اور ’بی‘ میں تقسیم کی گئی ہیں۔

گروپ 'اے' میں پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم شامل ہیں جب کہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔

ہر گروپ سے دو ٹیمیں 'سپر فور' مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں چاروں ٹیموں کا مقابلہ ہوگا اور فائنل انہی میں سے سرفہرست آنے والی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سپر فور مرحلہ 21 ستمبر سے شروع ہوکر 26 ستمبر کو ختم ہوگا۔ فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ابھی تک چھ ٹیموں میں سے کسی نے بھی اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG