رسائی کے لنکس

اطہر شاہ خان جیدی انتقال کر گئے


انہوں نے 'انتظار فرمایے' میں جیدی کا کردار ادا کیا تھا جو ان کی شہرت کی وجہ بنا۔ اس کردار سے وہ اس قدرمقبول ہوئے کہ انہیں عمومی طور پر جیدی ہی کہہ کہا بلایا جانے لگا۔
انہوں نے 'انتظار فرمایے' میں جیدی کا کردار ادا کیا تھا جو ان کی شہرت کی وجہ بنا۔ اس کردار سے وہ اس قدرمقبول ہوئے کہ انہیں عمومی طور پر جیدی ہی کہہ کہا بلایا جانے لگا۔

پاکستان کے نامور اداکار، مزاح نگار،شاعر اور ڈرامہ نگار اطہر شاہ خان انتقال کر گئے ہیں۔ وہ جیدی کے نام سے مشہور تھے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وہ طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے۔ ان کی عمر 77 سال تھی۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق اطہر شاہ خان فالج کے مرض میں مبتلا تھے۔

انہوں نے 'انتظار فرمائیے' میں جیدی کا کردار ادا کیا تھا جو ان کی شہرت کی وجہ بنا۔ اس کردار سے وہ اس قدرمقبول ہوئے کہ انہیں عمومی طور پر جیدی ہی کہہ کر بلایا جانے لگا۔

انہوں نے دیگر کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ان میں ہائے جیدی، جیدی اِن ٹربل، ہیلو ہیلو، برگر فیملی، آشیانہ، پرابلم ہاؤس سمیت کئی سیریلز شامل ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا تھا۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' کے مطابق اطہر شاہ خان 1970 سے 1990 کے درمیان ملک کے مشہور ترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔

'پی ٹی وی' کے مطابق انہوں نے ریڈیو پاکستان کے لیے کم و بیش 700 ڈرامے تحریر کیے۔

انہوں نے سوگواران میں بیوی اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے اپنی 25 ویں سالگرہ پر انہیں گولڈ میڈل بھی دیا تھا جب کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے انہیں 'پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ' دیا گیا تھا۔

انہوں نے فلم 'بازی' تحریر کی تھی جب کہ فلم 'آس پاس' کہ ہدایت کاری بھی کی۔

ان کے انتقال پر مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سینٹرل فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین دانیال گیلانی نے ایک ٹوئٹ میں ان کے انتقال پر انتہائی غم کا اظہار کیا۔

صحافی اور ٹی وی میزبان مرزا اقبال بیگ کا کہنا تھا کہ ان کے انتقال پر انتہائی افسوس ہوا۔ ایک ٹوئٹ میں مرزا اقبال بیگ نے کہا کہ ان کا ادا کیا گیا کردار 'جیدی' آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔

ماہر تعلیم عادل نجم نے انہیں بہترین استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک سادہ انسان کی تصویر پیش کی۔

XS
SM
MD
LG