رسائی کے لنکس

کراچی ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان، 12 برس بعد لیگ اسپنر کی شمولیت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے آسٹریلیا نے ایک تبدیلی کے ساتھ 11 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم میں 12 برس بعد کسی لیگ اسپنر کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ مچل سوئپسن ہفتے کو پاکستان کے خلاف اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلیں گے۔

آخری مرتبہ مارچ 2009 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بریس مک گین نے بطور لیگ اسپنر آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔

پاکستان کی اسپن پچز کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ میں دو اسپنرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پچ کسی حد تک اسپنرز کے لیے مددگار تھی جہاں پاکستانی اسپنر نعمان علی نے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ مچل سوئپسن کی شمولیت سے اسپن اٹیک مضبوط ہو گا اور لیگ اسپنر کی ٹیم میں شمولیت پر وہ خوش ہیں۔

آسٹریلوی کپتان پرامید ہیں کہ آف اسپنر نیتھن لائن اور لیگ اسپنر مچل سوئپسن کی جوڑی مخالف ٹیم کے خلاف کارگر ثابت ہوگی۔

مچل سوئپسن کو فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جن کی شمولیت کے بعد آسٹریلیا کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور مچل سوئپسن۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کا دوسرا میچ ہفتے کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG