رسائی کے لنکس

اظہر علی کا ایک روزہ کرکٹ اور ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


اظہر علی اپنے کیرئر میں 53 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جن میں اُنہوں نے 36.90 کی اوسط سے 1845 رنز بنا رکھے ہیں۔ ان میں تین سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ون ڈے میچوں میں اُن کا سٹرائیک ریٹ 74.45 رہا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ اوپنر اظہر علی نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ اور ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

اظہر علی قومی ٹیم کی جانب سے 53 ون ڈے کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز ون ڈے میں بہت اچھا کھیل رہے ہیں اور ٹیم کا ایک اچھا توازن بنا ہوا ہے، جسے وہ خراب نہیں کرنا چاہتے۔

اس لئے، انہوں نے ایک روزہ کرکٹ اور ٹی 20 کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اب وہ اپنی تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر دینا چاہتے ہیں۔

اظہر علی اپنے کیرئر میں 53 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جن میں اُنہوں نے 36.90 کی اوسط سے 1845 رنز بنا رکھے ہیں۔ ان میں تین سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ون ڈے میچوں میں اُن کا سٹرائیک ریٹ 74.45 رہا۔

اظہر علی نے کچھ عرصے سے ون ڈے میچ نہیں کھیلے ہیں۔ اُنہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میچ کے بعد اُنہیں ڈراپ کر کے امام الحق کو اُن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

تاہم، اُن کی ون ڈے میچوں میں آخری نمایاں کارکردگی گزشتہ برس کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی میں رہی۔ اس کے فائنل میں بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے اُنہوں نے 59 رنز بنائے۔ فائنل سے قبل بھارت ہی کے خلاف لیگ میچ میں اُنہوں نے نصف سنچری بنائی تھی۔ اس کے علاوہ سیمی فائنل میں انگلستان کے خلاف اُنہوں نے 76 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ اُنہوں نے یہ فیصلہ کسی رنجش کے باعث نہیں کیا، بلکہ یہ اُن کا ذاتی فیصلہ ہے۔ اظہر علی نے کہا کہ اب ٹیسٹ کرکٹ پر بھرپور توجہ دے کر وہ اپنے ریکارڈ کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

XS
SM
MD
LG