رسائی کے لنکس

بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم مسلسل کامیابی کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں اور اس بار انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں بطور کپتان تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کر کے نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بابر اعظم نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں نو چوکے بھی شامل تھے۔

بابر اعظم نے نہ صرف اپنی سینچری مکمل کی بلکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کا بطور کپتان کم ترین اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

بابر اعظم نے ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد 13 اننگز میں بطور کپتان ایک ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔ ان سے قبل یہ ریکارڈ وراٹ کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے بطور کپتان 17 اننگز کھیل کر ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے بابر اعظم کو 98 رنز درکار تھے اور انہوں نے اپنی زبردست بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کوہلی کا ریکارڈ توڑا بلکہ مہمان ٹیم کے خلاف پاکستان ٹیم کی کامیابی کی راہ بھی ہموار کی۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے بطور کپتان اپنے 13 میچز میں سے سات میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے ہیں۔

بطور کپتان تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 18 اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 20 اننگز کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ کے سابق کپتان السٹر کک 21 اننگز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر بابر اعظم کے اعزاز کو شیئر کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ میں نمایاں مقام پر موجود ہیں۔ اس وقت وہ عالمی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہیں جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں وہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بابر اعظم کا ایک اور اعزاز

بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں دو مرتبہ لگاتار تین سینچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

انہوں نے رواں برس آخری مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں 114 اور 105 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں انہوں نے دوبارہ سینچری داغ کر اس طرح لگاتار تین اننگز میں سینچریاں بنائیں۔

اس سے قبل بابر نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ امارات میں کھیلی جانے والی سیریز میں لگاتار تین میچز میں تین سینچریاں بنائی تھیں۔

اگر بابر کی گزشتہ پانچ اننگز کی بات کی جائے تو ان پانچ اننگز میں سے چار میں وہ سینچریاں بنا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG