رسائی کے لنکس

حب: بس حادثے میں ہلاک افراد کی تعداد 27 ہوگئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلعلس بیلہ میں سڑک کے ایک حادثے میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل نے وائس آف آمریکہ کو بتایا کہ پیر کی رات کو ایک کوچ 29 مسافروں کو لے کر پنجگور سے کر اچی کے لیے روانہ ہوئی تھے جو راستے میں لسبیلہ بازار کے قریب قومی شاہراہ ]پر سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی تھی۔

حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث بس میں سوار مسافر بری طرح جھلس گئے تھے۔

حکام کے مطابق آئل ٹینکر میں موجود پیٹرول کے باعث آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ کوئی بھی دونوں گاڑیوں کے قریب نہیں جاسکتا تھا۔ تاہم آگ کی شدت کم ہونے پر فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا اور بعد میں مقامی انتظامی اور امدادی اداروں کے کارکنوں نے مسافر کوچ میں پھنسے بدقسمت افراد کی خاکستر لاشیں نکالیں۔

حکام نے ابتداً حادثے میں 17 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔ تاہم حادثے کے کئی زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جس کے بعد بدھ کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

بیشتر لاشیں اور زخمی کراچی منتقل کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے کہا ہے کہ جھلس کر ہلاک ہونے والے تمام افراد کی شناخت کے لئے ڈین این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔

عینی شاہدین کے بقول کوچ اور آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد بعض مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر کو چ سے چھلانگ لگا کر جان بچائی جس سے وہ زخمی بھی ہو گئے۔

حکام کے بقول فوری طور یہ طے نہیں کیا جا سکتا کہ حادثہ اوور ٹیک کرتے ہوئے پیش آیا یا دونوں ڈرائیوروں میں سے کسی ایک کو گاڑی چلانے کے دوران نیند آنے سے ہوا۔

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی خراب حالت اور ایک رویہ سڑک کی وجہ سے اکثر و بیشتر حادثات پیش آتے رہے ہیں جس میں متعدد لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG