رسائی کے لنکس

بلوچستان: فائرنگ سے دس مزدور ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مستونگ میں لیویز حکام نے بتایا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں جمعرات کی صبح نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے دس افراد کو ہلاک کردیا۔

لیویز حکام کے مطابق کوئٹہ کے نواح میں واقع ضلع مستونگ میں صوبائی حکومت کی زیر نگرانی سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر نا معلوم افراد نے خو دکار ہتھیاروں سے اچانک فائرنگ کردی جس سے چھ مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ چار نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔

فائرنگ کے اس واقعہ میں چارمزدور زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ لاشوں اور زخمی مزدوروں کو فوری طورپر بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ہلاک اورزخمی ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق صوبے کے پشتون اکثریت والے اضلاع سے بتایا گیا ہے ۔ لیو یز حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔

واقعہ کے خلاف ہلاک ہونے والے مزدورں کے لواحقین نے اسپتال کے باہر بروری روڈ کو بند کرکے احتجاج کیا اور حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

پشتون قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مزدوروں کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو صوبائی دار الحکومت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔

بلوچستان میں رواں ماہ کے دوران اب تک تشدد کے مختلف واقعات میں سپریٹنڈنٹ پولیس سمیت بیس سے زائد افرا د ہلاک ہو چکے ہیں۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر اور دیگر اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فرنٹیئر کور کو دو ماہ کے لئے پولیس کے اختیارات دیئے گئے ہیں ۔
XS
SM
MD
LG