بنگلہ دیش نے بھارت کو دوسرے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
بدھ کو میرپور میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں بظاہر غلط ثابت ہوتا دکھائی دیا۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ گیارہ رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر انعام الحق 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد لٹن داس اور نجم الحسن شنتو نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، تاہم 39 کے مجموعی اسکور پر کپتان لٹن داس بھی پویلین لوٹ گئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 69 رنز پر بنگلہ دیش کے چھ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت کو جیت کے لیے آسان ہدف ملے گا تاہم محمود اللہ اور مہدی حسن کی ذمہ دارانہ اننگز نے بنگلہ دیشی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 148 رنز کی شراکت قائم کی۔
مہدی حسن 83 گیندوں پر سینچری اسکور کرکے ناقابل شکست رہے، بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 217 رنز پر گری جب محمد اللہ 96 گیندوں پر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دونوں بیٹرز کی اننگرز کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم 50 اوورز میں 271 رنز بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے تین جب کہ محمد سراج اور عمران ملک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی ٹیم نے 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگرز کا آغاز کیا تو سات رنز کے مجموعی اسکور پر وراٹ کوہلی پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بھارت کی دوسری وکٹ 13 رنز کے اسکور پر گری جب شیکھر دھون مستفیض الرحمٰن کی گیند پر مہدی حسن کو کیچ دے بیٹھے۔
بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی واشنگٹن سندر تھے جو صرف 11 رنز بنا سکے۔ مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ 65 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب کے ایل راہول 14 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
چار وکٹیں جلدی گنوا دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اگلی وکٹ تک 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ بھارت کی پانچویں وکٹ 172 رنز کے اسکور پر گری، جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد روہت شرما زخمی انگوٹھے کے باوجود نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آ گئے۔
بھارت کو آخری دو اوورز میں 40 رنز درکار تھے جب کہ اس کے دو کھلاڑی باقی تھے۔ کپتان روہت شرما کریز پر موجود تھے، جنہوں نے 19 ویں اوورز میں 20 رنز مار کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
آخری اوور میں بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 20 رنز درکار تھے، تاہم روہت شرما دو چوکے اور ایک چھکہ مارنے کے باوجود ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا سکی، یوں بنگلہ دیش کی ٹیم نے پانچ رنز سے یہ میچ اپنےنام کرلیا۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی مہدی حسن کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تین میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔