پاکستان کے وزیرِ خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان ایک اور ملاقات کی اطلاعات ہیں جس میں ملک کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بدھ کو صدر عارف علوی اور اسحاق ڈار کی ملاقات میں عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان اور عام انتخابات پر بھی بات چیت ہوئی۔
صدرِ پاکستان یا سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ایک ماہ کے دوران صدرِ پاکستان اور اسحاق ڈار کی یہ تیسری ملاقات ہے۔
اس سے قبل تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے نجی نیوز چینل 'اے آر وائی' کے پروگرام 'آف دی ریکارڈ' میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسحاق ڈار نے صدرِ پاکستان سے ملاقات میں انتخابات کی تاریخ پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
اُن کا دعویٰ تھا کہ اسحاق ڈار نے صدرِ پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے نواز شریف سے مشاورت کے بعد بتائیں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مشروط مذاکرات کی پیش کش کر رکھی ہے، تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ جواب سامنے نہیں آیا۔
فیصل آباد سے رُکن پنجاب اسمبلی نے صوبائی وزیر کا حلف اُٹھا لیا
فیصل آباد سے رُکن پنجاب اسمبلی خیال احمد کاسترو نے بطور صوبائی وزیر حلف اُٹھا لیا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے نئے وزیر سے حلف لیا۔
اس موقع پر پنجاب کے وزیرِ اعلٰی چوہدری پرویز الہٰی بھی موجود تھے۔