میرپور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نےآسٹریلیا کو 20 رنز سے تاریخی شکست دے دی۔ ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کے خلاف بنگلادیش کی یہ پہلی کامیابی ہے۔
شکیب الحسن نے میچ وننگ کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ وارنر کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔
شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کےچوتھے روزمہمان ٹیم نے 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 109 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔
آسٹریلیا کو پہلا نقصان ڈیوڈ وارنر کی صورت میں اٹھانا پڑاجو 112 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ اسٹیو اسمتھ 37رنز بناکر پویلین لوٹے۔
وارنز اور کپتان اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی آسٹریلوی بیٹسمین جم کر بنگلا دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکا اورایک کے بعد ایک پویلین واپس جاتا رہا۔ یوں پوری ٹیم 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کے 5 بیٹسمین ہی ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔اس طرح بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اولین فتح حاصل کرلی۔
شکیب الحسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
شکیل الحسن اپنے 50 ویں ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے والے دنیا کے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل انگلینڈ کے ٹریور بیلی، نیوزی لینڈ کے سر رچرڈ ہیڈلی۔ سری لنکا کے مرلی دھرن اور بھارت کے ہربھجن سنگھ اپنے کیریئر کے 50ویں ٹیسٹ میں 10یا اس سے زائد وکٹیں لے چکے ہیں۔
آخری اسکور یہ رہا۔ بنگلادیش 260 اور 221 رنز۔ آسٹریلیا 217 اور 244 رنز۔
بنگلادیش نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک۔ صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
دوسرا اور آخری ٹیسٹ 4 ستمبر سے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم، چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔