رسائی کے لنکس

شیخ حسینہ استعفے کے بعد بھارت میں موجود؛ ڈھاکہ میں صورتِ حال بدستورہ کشیدہ

بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے دوران وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزمان نے وزیرِ اعظم کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے ملک میں عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

20:00 5.8.2024

حسینہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی: بیٹے کا بیان

بنگلہ دیش کی مستعفی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے بیٹے نے کہا ہے کہ ان کی والدہ ملک سے بہت مایوسی کی حالت میں گئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام 'نیوز آور' میں بات کرتے ہوئے شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد جوئے کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے ملک کے لیے سخت محنت کی لیکن اس کے باوجود ایک اقلیتی گروہ کی جانب سے ان کے خلاف چلائی جانے والی مہم سے وہ سخت مایوس ہوئی ہیں۔

سجیب واجد نے کہا کہ ان کی والدہ اتوار سے مستعفی ہونے پر غور کر رہی تھیں اور انہوں نے ملک سے جانے کا فیصلہ اپنی سلامتی کے پیشِ نظر اور اپنے اہلِ خانہ کے اصرار پر کیا۔
سجیب واجد اپنی والدہ کی حکومت میں ان کے مشیر برائے اطلاعات و کمیونی کیشن ٹیکنالوجی تھے اور انہیں اپنی والدہ کا سیاسی جانشین بھی سمجھا جاتا ہے۔

19:57 5.8.2024

شیخ حسینہ کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات: بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی پہنچنے کے بعد شیخ حسینہ نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شیخ حسینہ نئی دہلی میں کچھ دیر قیام کے بعد لندن جائیں گی جہاں وہ سیاسی پناہ لے سکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے وزیرِ اعظم مودی کو بنگلہ دیش کی صورتِ حال سے آگاہ کیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ شیخ حسینہ کی بھارتی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہو گی یا نہیں۔

18:57 5.8.2024

بنگلہ دیش کے چیف جسٹس کی رہائش گاہ پر حملہ، توڑ پھوڑ

بنگلہ دیش میں وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے استعفے اور آرمی چیف کی جانب سے عبوری حکومت کے قیام کے اعلان کے باوجود ڈھاکہ میں صورتِ حال کشیدہ ہے اور کئی مقامات پر ہنگامہ آرائی جاری ہے۔

بنگلہ دیش کے اخبار 'ڈیلی اسٹار' نے خبر دی ہے کہ شرپسندوں کے ایک گروہ نے ملک کے چیف جسٹس کی سرکاری رہائش گاہ پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی ہے۔

اخبار کے مطابق حملہ آور پیر کی شام ڈھاکہ کے علاقے ککریل میں واقع چیف جسٹس عبید الحسن کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور اسے نقصان پہنچایا۔

اخبار کے مطابق حملہ آور رہائش گاہ سے گاڑیوں اور فرنیچر سمیت بیشتر سامان لوٹ کر لے گئے ہیں۔

بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق شیخ حسینہ کی کابینہ کے بعض وزرا اور عوامی لیگ کے رہنماؤں کی ڈھاکہ میں واقع رہائش گاہوں پر بھی مشتعل مظاہرین کے حملوں اور وہاں توڑ پھوڑ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

18:52 5.8.2024

بنگلہ دیش: مظاہرین کا وزیرِ اعظم ہاؤس پر دھاوا اور توڑ پھوڑ

شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد بھی ڈھاکہ میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے سرکاری املاک اور دیگر اہم عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ مشتعل مظاہرین نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں بھی دھاوا بول دیا اور اس دوران توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ ڈھاکہ میں پیر کو فوجی مداخلت کے بعد شیخ حسینہ کی اقتدار سے رُخصتی اور بھارت روانگی کے دوران کیا کچھ ہوتا رہا؟ دیکھیے یہ پکچر گیلری۔۔۔

مزید تصاویر کے لیے یہاں کلک کیجیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG