رسائی کے لنکس

صدارتی نامزدگی؛ سابق صدر اوباما اور اُن کی اہلیہ نے بھی کاملا ہیرس کی حمایت کر دی


 سابق صدر اوباما اور اُن کی اہلیہ نے ٹیلی فون کال کے ذریعے کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا۔
سابق صدر اوباما اور اُن کی اہلیہ نے ٹیلی فون کال کے ذریعے کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا۔
  • سابق صدر براک اوباما اور اُن کی اہلیہ مشیل نے مشترکہ ویڈیو کال میں کاملا ہیرس کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
  • براک اوباما اور مشیل کا شمار ڈیمو کریٹک پارٹی کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔
  • صدر بائیڈن کی جانب سے صدارتی الیکشن نہ لڑنے کے اعلان کے بعد اوباما نے کہا تھا کہ اُمید ہے کہ پارٹی ایک شان دار اُمیدوار کا انتخاب کرے گی۔
  • "میں اور مشیل آپ کی حمایت کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں:" اوباما کی کاملا ہیرس سے گفتگو
  • "مجھے کاملا ہیرس پر فخر ہے، یہ ایک تاریخی موقع ہو گا:" مشیل اوباما
  • حمایت پر آپ دونوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں: نائب صدر کاملا ہیرس

اٹلانٹا -- سابق صدر براک اوباما اور اُن کی اہلیہ سابق خاتونِ اول مشیل اوباما نے بھی صدارتی نامزدگی کے لیے نائب صدر کاملا ہیرس کی حمایت کر دی ہے۔

ڈیمو کریٹک حلقوں میں مقبول براک اوباما اور اُن کی اہلیہ نے حمایت کا اعلان جمعے کو دونوں کی جانب سے کاملا ہیرس کو کی جانے والی ویڈیو کال میں کیا۔

دونوں ڈیمو کریٹک رہنماؤں کی جانب سے ایسے وقت میں کاملا ہیرس کی حمایت کی گئی ہے جب حال ہی میں صدر بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دست برداری کا اعلان کرتے ہوئے صدارتی نامزدگی کے لیے کاملا ہیرس کی حمایت کی تھی۔

یہ پیش رفت ملک کے پہلے سیاہ فام صدر اور پہلی ایشیائی نژاد نائب صدر کے درمیان دوستی اور تاریخی تعلق کو بھی اُجاگر کرتی ہے۔

ٹیلی فونک کال کے دوران سابق صدر نے کاملا ہیرس کو بتایا کہ "میں اور مشیل آپ کی حمایت کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں اور آپ کو اوول آفس تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔"

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاملا ہیرس ایک ایونٹ کے دوران یہ فون کال سن رہی ہیں اور اس دوران سیکریٹ سروس کے اہلکار بھی اُن کے ارد گرد موجود ہیں۔

اس دوران مشیل اوباما نے کہا کہ "کاملا میں آپ سے کہنا چاہتی ہوں کہ مجھے آپ پر فخر ہے۔ یہ ایک تاریخی موقع ہو گا۔"

کاملا ہیرس نے سابق صدر اوباما اور اُن کی اہلیہ کی حمایت پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پانچ نومبر کو الیکشن ڈے سے قبل کے تین ماہ کے اس سفر میں اُن کے ساتھ آنے کی منتظر ہوں۔

اوباما اور اُن کی اہلیہ صدارتی نامزدگی کے لیے کاملا ہیرس کی توثیق کرنے والے اہم ڈیمو کریٹک رہنما ہیں۔ یہ اوباما کی اس خواہش کا بھی اظہار ہے کہ وہ پارٹی کے ایک بڑے کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

اوباما ڈیمو کریٹک اُمیدواروں کے لیے فنڈ ریزنگ کے بڑے ایونٹس اور مختلف تقریبات میں اُن کی نمائندگی میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔

صدر بائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے الگ ہونے کے بعد اپنے ابتدائی بیان میں براک اوباما نے کاملا ہیرس کا ذکر نہیں کیا تھا۔

براک اوباما نے کسی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ "مجھے اعتماد ہے کہ پارٹی رہنما ایسا عمل تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائیں گے جس کے نتیجے میں ایک شان دار اُمیدوار سامنے آئے گا۔"

اوباما اور اُن کی اہلیہ نے سن 2016 میں ہیلری کلنٹن اور 2020 میں جو بائیڈن کی الگ الگ انتخابی مہم چلائی تھی۔

دونوں نے مختلف ریاستوں میں ہونے والی ریلیوں میں شرکت کے ذریعے ڈیموکریٹک اُمیدوار کی بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی تھی۔

نائب صدر کاملا ہیرس اوباما اور اُن کی اہلیہ کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کر رہی ہیں۔
نائب صدر کاملا ہیرس اوباما اور اُن کی اہلیہ کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کر رہی ہیں۔

براک اور مشیل اوباما نے 2020 کے ڈیمو کریٹک کنونشن سے بھی خطاب کیا تھا۔

'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی جانب سے کیے گئے ایک سروے کے مطابق کاملا ہیرس 19 اگست کو شکاگو میں شروع ہونے والے ڈیمو کریٹک کنونشن کے لیے زیادہ تر ڈیموکریٹک مندوبین کی حمایت حاصل کر چکی ہیں۔

امکان ہے کہ ڈیمو کریٹک نیشنل کمیٹی سات اگست تک ایک ورچوئل ووٹنگ کے ذریعے صدارت کے لیے کاملا ہیرس اور نائب صدر کے اُمیدوار کو ٹکٹ جاری کر دے گی۔

فورم

XS
SM
MD
LG