بنگلہ دیش کی عدالت عظمیٰ نے ایک زیریں عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاٴ کو دی گئی ضمانت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
ضیا کو فروری میں سزا سنائی گئی تھی، جن پر2001ء سے 2006ء میں وزیر اعظم کے عہدے کے دوران یتیم خانے کےفنڈ کے لیے مختص 250000 ڈالر کی رقم کی خردبرد کا الزام تھا۔ اُنھیں پانچ برس کی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
بہتر برس کی خالدہ ضیاٴ، بنگلہ دیش کی ’نیشنلسٹ پارٹی‘ کی سربراہ ہیں۔ سزا کے نتیجے میں وہ دسمبر میں منعقد ہونے والے عام انتخابات نہیں لڑ سکتیں۔
اُن کے وکلاٴ نے الزام لگایا ہے کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر چلایا گیا، جس کی اُنھوں نے مذمت کی ہے۔
بنگلہ دیش کے سیاسی منظر نامے پر ضیاٴ اور موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے درمیان سخت مخالفت جاری ہے؛ جو قتل ہونے والے صدور کی بیٹی اور بیوہ ہیں، جو کئی عشروں سے باری باری حکومت میں رہتی چلی آئی ہیں۔