رسائی کے لنکس

دنیا کو دکھا دیا، نیٹو اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، بائیڈن


صدر بائیڈن فن لینڈ کے صدر نینیشتا کے ساتھ,فائل فوٹو 13 جولائی 2023
صدر بائیڈن فن لینڈ کے صدر نینیشتا کے ساتھ,فائل فوٹو 13 جولائی 2023

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہوں نے اور نیٹو کے دیگر لیڈروں نے دنیا کو یہ دکھا دیا ہے کہ ان کا اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یورپ کے اپنے دورے کے اختتام پر، جس کا مقصد روس کے یوکرین پر حملے کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کی طاقت کا مظاہرہ تھا، فن لینڈ میں صدر سالی نینیشتا کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہی۔

صدر بائیڈن نے کہا "اتحادی سمجھتے ہیں کہ یہ لڑائی صرف یو کرین کے مستقبل کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ تمام مشرقی یورپ اور دنیا بھر میں خود مختاری، سلامتی اور آزادی کے لیے بھی ہے۔ "

اگرچہ یوکرین کی نیٹو کا رکن بننے کی خواہش پوری نہیں کی جاسکی تاہم صدر بائیڈن نے زور دے کر کہا کہ نیٹو اتحاد کے دیگر ملکوں کے ساتھ معاہدے، خواہ وہ نیٹو کا رکن نہ بھی ہو، یو کرین کی طویل المدت سیکیورٹی میں مدد دیں گے۔

صدر بائیڈن فن لینڈ میں شمالی یورپی ممالک کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ میں شریک ہیں۔ فوٹو اے ایف پی 13 جولائی 2023
صدر بائیڈن فن لینڈ میں شمالی یورپی ممالک کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ میں شریک ہیں۔ فوٹو اے ایف پی 13 جولائی 2023

نیوز کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے صدر بائیڈن نے پر زور انداز میں کہا کہ نیٹو کے لیے امریکہ کے عزم میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی خواہ اندرونِ ملک سیاست میں جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات یا ریپبلکن پارٹی میں الگ تھلگ رہنے کے جذبات پائے جاتے ہیں، کتنے بھی اتار چڑھاؤ کیوں نہ آئیں۔

ایک صحافی کے اس سوال پر کہ آیا امریکہ، حکومت کی تبدیلی کے بعد نیٹو کا رکن نہیں رہے گا، صدر نے کہا، " میں ضمانت دیتا ہوں کہ اس کا کوئی سوال نہیں پیدا ہوتا۔"

انہوں نے کہا، " نیٹو کے لیے امریکی عوام میں بہت حمایت پائی جاتی ہے اور امریکی کانگریس میں یعنی ایوان نمائندگان اور سینٹ میں بھی اس کے لیے ارکان کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے۔

صدر نے کہا،" مستقبل کی ضمانت کوئی نہیں دے سکتا مگر یہ بہترین یقین ہے جو کوئی دلا سکتا ہے۔"

اس سے پہلے صدر بائیڈن نے سویڈن، ناروے، ڈنمارک اور آئس لینڈ سمیت شمالی یورپ کے دیگر لیڈروں سے ملاقات کی۔

وہ ویلنئس، لتھوانیا میں دو روزہ نیٹو سربراہ اجلاس مکمل کرکے جسے انہوں نے ایک کامیابی قرار دیا تھا، ہلسنکی، فن لینڈ پہنچے تھے۔

فن لینڈ روانگی سے پہلے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے صدر نے کہا تھا کہ انہیں اپنے دورے سے ایک اچھا احساس ہو رہا ہے کہ،" ہم نے اپنا طے شدہ ہر ہدف حاصل کیا۔"

صدر بائیڈن نارڈک لیڈروں کے ساتھ۔ فوٹو اے پی 13 جولائی 2023
صدر بائیڈن نارڈک لیڈروں کے ساتھ۔ فوٹو اے پی 13 جولائی 2023

صدر بائیڈن کے ساتھ ایک وسیع میٹنگ کے آغاز میں فن لینڈ کے صدر نینیشتا نے کہا کہ شمالی یورپ کے ان کے ہم منصبوں کا ایک بڑا مقصد تھا اور وہ یہ کہ،" سیکیورٹی کے لحاظ سے، ماحولیات کے لحاظ سے، اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے مستقبل کی ضمانت دی جائے۔"

صدر بائیڈن نے کہا، اس میٹنگ میں موجود ممالک کی نہ صرف تاریخ مشترک ہے بلکہ ہمارے چیلنجز بھی مشترک ہیں اور اگر میں فخریہ کہوں تو اقدار بھی۔"

بائیڈن فن لینڈ کا دورہ کرنے والے چھٹے امریکی صدر ہیں اس سے پہلے 55لاکھ کی آبادی والے اس ملک میں امریکہ اور سابق سوویت یونین اور امریکہ اور روس کے متعدد سربراہ اجلاس ہو چکے ہیں۔

سرد جنگ کے زمانے مین فن لینڈ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان ایک غیر جانبدار ملک کا کردار ادا کر چکا ہے۔

( اس خبر میں معلومات اے پی سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG