مغربی ممالک کے عسکری اتحاد نیٹو کا دو روزہ اجلاس لتھوینیا کے دارالحکومت ویلنیئس میں منگل سے شروع ہو رہا ہے جس میں یوکرین جنگ اور سوئیڈن کی رکنیت کے معاملات زیرِ غور آئیں گے۔
ترک صدر طیب ایردوان نے سوئیڈن جانب سے عسکری اتحاد کا حصہ بننے کے لیے کی جانے والی کوشش کو پارلیمنٹ میں بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔تاہم یہ رضامندی غیر مشروط نہیں ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ صدر ایردوان نے سوئیڈن کی شمولیت کے پروٹوکول کو جلد از جلد ترکیہ کی اسمبلی میں بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے سوئیڈن کی نیٹو اتحاد میں شمولیت سے متعلق ترک صدر کی رضا مندی کو ’تاریخی قدم‘ سے تعبیر کیا ہے۔
اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ سوئیڈن کی رکنیت کب منظور ہو سکتی ہے، لیکن ترکیہ کے تازہ ترین مؤقف نے شاید یوکرین کے معاملے کو نیٹو سربراہی اجلاس کے ایجنڈے سے ہٹا دیا ہے، جس کا مقصد یوکرین میں جنگ اور کیف کی اپنی رکنیت کی خواہشات پر منفرد توجہ مرکوز کرنا تھا۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق صدر ایردوان چاہتے ہیں کہ یورپی رہنما ترکیہ کی یورپی یونین کی رکنیت کی حمایت کریں اور امریکہ سے ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی خریداری کی منظوری مل سکے۔
تاہم ایردوان نے ویلنیئس جانے سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاتھا کہ "آئیں اور یورپی یونین میں ترکیہ کی رکنیت کا راستہ کھولیں۔"
’’جب آپ ترکیہ کے لیے راستہ ہموار کریں گے، تو ہم سوئیڈن کے لیے راستہ ہموار کریں گے جیسا کہ ہم نے فن لینڈ کے لیے کیا تھا۔‘‘
ترکیہ کا مؤقف ہے کہ سوئیڈن ان لوگوں کے خلاف نرم گوشہ رکھتا ہے جنہیں ترکیہ دہشت گرد کے طور پر دیکھتا ہے، خاص طور پر کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (PKK) کے ارکان جسے ترکی، یورپی یونین اور امریکہ دہشت گرد تنظیم تصور کرتے ہیں۔
گزشتہ ماہ سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ایک شخص کی جانب سے مسجد کے باہر قرآن نذر آتش کرنےکے بعد ترکیہ کے مؤقف میں مزید سختی آئی اور اس نے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔
ترکیہ کے مطالبات کے بعد سوئیڈن نے انسدادِ دہشت گردی کے ایک نئے قانون سمیت اصلاحات کے نفاذ کا اعلان کیاہے۔
ترکیہ کو 40 نئے F-16 طیاروں کی فروخت کی بائیڈن انتظامیہ کی حمایت
اطلاعات کے مطابق امریکہ کے صدر جو بائیڈن نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران اپنے ترک ہم منصب سے الگ بھی ملاقات کریں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر بائیڈن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ترکیہ کے ساتھ یورو-اٹلانٹک کے علاقے میں دفاع اور ڈیٹرنس کو بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے 32ویں نیٹو اتحادی کے طور پر سوئیڈن کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
امریکی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ترکیہ کی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کے حوالے سے بائیڈن نے ترکیہ کو نئے F-16 طیاروں کے حصول میں مدد کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ نے امریکہ سے 40 نئے F-16 طیاروں کے ساتھ انہیں جدید بنانے کی’ کٹس‘ خریدنے کی ترکیہ کی خواہش کی حمایت کی ہے۔
تاہم کانگریس کے کچھ ارکان ، خاص طور پر سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب میننڈس ترکیہ کی جانب سے نیٹو کی رکنیت کو روکنے اس کے انسانی حقوق کا ریکارڈ، یونان کے ساتھ اس کے تعلقات اور دیگر خدشات کی وجہ سےاس کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اس نئی پیش رفت کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ بائیڈن سے بات کرنے کے بعد وہ ایک ہفتے کے اندر اس بارے میں کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں سے گفتگو میں باب مینینڈس نے کہا کہ ترکیہ کو طیارے فراہم کرنے پر "میرے تحفظات بدستور برقرارہیں‘۔
مینینڈس نے بتایا کہ اگر بائیڈن انتظامیہ یہ دکھا سکے کہ ترکیہ F-16 طیاروں کا استعمال نیٹو کے دیگر ارکان، خاص طور پر اپنے پڑوسی ملک یونان کے خلاف نہیں کرے گا، تو پھر پیش رفت کا راستہ ممکن ہو سکتا ہے۔
ترکیہ کی یورپی یونین میں رکنیت کی کوشش
نیٹو میں شمولیت کے لیے ترکیہ کی مدد کے بدلے سوئیڈن نے ترکیہ کی یورپی یونین کی رکنیت کی جانب پیش رفت میں مدد کرنے پر اتفاق کیا ہے جو 2018 سے تعطل میں پڑی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق اسٹولٹن برگ نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ ترکیہ کے تعلقات نیٹو کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہیں ، یہ یورپی یونین کا اپنا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سوئیڈن نے یورپی یونین کےایک رکن کی حیثیت سے ترکیہ کے یورپی یونین رکنیت حاصل کرنے کے عمل کی تجدید کی کوششوں کی فعال حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پیر کو ہی ایردوان نے انتباہ کیا تھا کہ وہ اس صورت میں سوئیڈن کی نیٹو کا 32 واں اتحادی بننے کی کوشش کو روک دیں گے اگر فوجی اتحادکے یورپی ارکان ترکیہ کے لیے دنیا کے سب سے بڑے تجارتی بلاک میں شامل ہونے کی ’راہ ہموار‘نہیں کرتے۔
یہ پہلا موقع تھا کہ ایردوان نے دونوں ملکوں کی خواہشات کو اس طرح جوڑا تھا۔
ویلنیئس پہنچنے پر صدر ایردوان نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کے ساتھ بھی ملاقات کی۔مشیل نے ٹوئٹ کی کہ انہوں نے اور ایردوان نےتعاون کی تجدید اور اپنے تعلقات کو دوبارہ تقویت دینے کے لیے پیش رفت کے مواقع تلاش کیے ہیں۔
اس پیش رفت کا نیٹو سربراہی اجلاس پر اثر
اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ سوئیڈن کی رکنیت کب منظور ہو سکتی ہے، لیکن ترکیہ کے تازہ ترین مؤقف کے بعد یوکرین کے معاملے کو نیٹو سربراہی اجلاس کے ایجنڈے سے ہٹا دیا ہے، جس کا مقصد یوکرین میں جنگ اور کیف کی اپنی رکنیت کی خواہشات پر منفرد توجہ مرکوز کرنا تھا۔
ویلنیئس میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں ایک اور اہم مسئلہ یہ ہو گا کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل کیے بغیر کیسے رکنیت کےقریب لایا جائے اور کیف کو سیکیورٹی کی ضمانت کی اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہو سکتی ہے کہ روس جنگ ختم ہونے کے بعد دوبارہ حملہ نہ کرے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بدھ کو ذاتی طور پر نیٹو سربراہی اجلاس میں شامل ہوں گے۔
اسٹولٹن برگ کے مطابق جب تک یوکرین غالب نہیں آتا، اس کی نیٹو رکنیت کے معاملے پر بحث کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات خبر رساں اداروں ' ایسوسی ایٹڈ پریس' اور' رائٹرز 'سے لی گئی ہیں۔