رسائی کے لنکس

بائیڈن:اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کے لئے محددود امداد کی ترسیل کی اجازت دے دی


امریکی صدر جو بائیڈن، فائل فوٹو
امریکی صدر جو بائیڈن، فائل فوٹو

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے غزہ اور مغربی کنارے کے لیے دس کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں ضرورت مند فلسطینیوں کے لیے مصر سے معائنے کے بعد امداد کی ترسیل کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد میں س بات کا خیال رکھا جائے گا کہ امدادی سامان فلسطینی شہریوں کو ہی ملے اورحماس کے عسکریت پسندوں کے ہاتھ نہ لگے۔

تل ابیب میں بات کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ ان کا دورے کا مقصد حماس کے سات اکتوبر کے وحشیانہ حملے میں لگ بھگ 1400 ہلاکتوں کے بعد اسرائیل کے لیے حمایت کا اظہار کرنا ہے۔

لیکن ساتھ ہی بائیڈن نے کہا کہ اسرائیلی قوم غصے کی کیفیت کو اپنے اوپر حادی نہ ہونے دے۔

صدر بائیڈن نے حماس کے حملے کو امریکہ میں تین ہزار جانیں لینے والے نو ستمبر 2001 میں ہونے والے دہشت گرد حملوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور بہت سے امریکی اس کیفیت کو سمجھتے ہیں جس سے اسرائیلی گزر رہے ہیں۔

آپ ایسا نہیں کر سکتے کہ جو کچھ یہاں ہوا ہے آپ اسے دیکھیں اور انصاف کے لیے نہ چیخیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے حماس کے حملوں کے بعد غزہ کی پٹی پر مکمل ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے اور علاقے میں خوراک، ایندھن اور پانی کی فراہمی بند ہے۔

اس معاملے میں ثالثی کرنے والوں نے اس تعطل کو ختم کرانے کی کوشش کی ہے تاکہ انتہائی ضرورت مند شہریوں، امدادی اداروں اور اسپتالوں کو ضروری اشیا پہنچائی جاسکیں۔

بائیڈن کے ریمارکس کے تھوڑی دیر بعد ہی اسرائیل نے اس بات کی تصدیق کی کہ خوراک، پانی اور ادویات کی ترسیل کی اجازت دی جائے گی، ہر چند کہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ ایسا عملی طور پر کب ممکن ہوگا۔

منگل کو غزہ کے ایک اسپتال میں دھماکے اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں سے فلسطینیوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق اسپتال میں ہونے والے دھماکے کے بارے میں متضاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔

غزہ کے حکام نے فوری طور پر الزام لگایا تھا کہ یہ دھماکہ اسرائیل کے فضائی حملے کی وجہ سے ہوا۔

اسرائیل نے اس الزام کو مسترد کر دیاہے ۔ تل ابیب نے ویڈیو، آڈیو اور دوسری معلومات جاری کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ یہ دھماکہ غزہ میں فعال عسکریت پسند تنظیم اسلامی جہاد کے ہدف سے بھٹکنے والے میزائل سے ہوا۔

غزہ کے اسپتال پر حملہ؛ اسرائیل اور فلسطینیوں کا ایک دوسرے پر الزام
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:04 0:00

اسلامی جہاد نے اس دعوے کی تردید کی ہے جب کہ ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا ہے کہ وہ دونوں اطراف سے کیے گئے دعووں کی ابھی تک آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

بدھ کو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہوکے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ان کو دستیاب معلومات کے مطابق ایسا دکھائی دیتا ہے کہ یہ دھماکہ دوسری طرف سے کیا گیا ہے نہ کہ ان کی طرف سے۔

امداد کے حوالے سے بائیڈن نے کہا کہ اگر حماس شہریوں کے لیے بھیجی جانے والی امداد کو چرا لیتا ہے یا اس کا رخ موڑ دیتا ہے تو اس سے یہ ظاہر ہو گا کہ اس تنظیم کو لوگوں کی فلاح سے کوئی غرض نہیں ہے۔

اپنے اس دورے کے دوران بائیڈن اردن میں عرب رہنماؤں سے بھی ملاقات کرنے والے تھے لیکن اسپتال کے دھماکے کے بعد اس ملاقات کو منسوخ کر دیا گیاہے ۔

اس خبر میں شامل معلومات اے پی سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG