رسائی کے لنکس

یوکرین کو ایف- 16 طیارے فراہم نہیں کریں گے: بائیڈن


ایف سولہ جنگی طیارہ (فائل فوٹو)
ایف سولہ جنگی طیارہ (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہاہے کہ وہ یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں استعمال کے لیے F-16 لڑاکا طیارے فراہم نہیں کریں گے۔

بائیڈن نے یہ بات یوکرینی حکام کے اس بیان کے بعد کہی ہے جس میں یوکرین کے ایک دفاعی اہلکار نے عندیہ دیا تھا کہ یوکرین امریکہ سے F-16 طیارے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پیر کو وائٹ ہاؤس پہنچنے پر جب صحافیوں نے امریکی صدر سے پوچھا کہ کیا وہ یوکرین کو جیٹ طیارے فراہم کریں گے تو بائیڈن نے جواب دیا 'نہیں'۔

یوکرین روس کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید جدید ترین ہتھیاروں کی تلاش میں ہے۔

یوکرین کے وزیر دفاع کے ایک مشیر یوری ساک نے گزشتہ ہفتے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا تھا کہ یوکرین نے جنگی ٹینکوں کی فراہمی کے بعد ایف- 16 جیسے لڑاکا طیاروں کے حصول کے لیے منصوبہ بنایا ہے۔

گزشتہ ہفتے یوکرین کو جدید ترین ہتھیاروں کی تلاش میں اس وقت کامیابی حاصل ہوئی تھی جب امریکہ اور جرمنی دونوں نے یوکرین کو ٹینک بھیجنے کا وعدہ کیا تھا۔ اس سے قبل جرمنی نے یوکرین کو اپنے لیپرڈ 2 برینڈ ٹینک بھیجنے کے معاملے پر ہفتوں تک ہچکچاہٹ سے کام لیا تھا۔

پیر کو پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوز موراویکی نے یوکرین کے لیے فوجی تعاون کے آنے والے دنوں میں مزید وعدوں کے امکان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین کی دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے کے لیے کوئی بھی سرگرمی نیٹو شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے تحت ہے۔

تاہم جرمن چانسلر اولاف شولز یوکرین کو لڑاکا طیارے بھیجنے کے مخالف نظر آئے۔شولز اس وقت جنوبی امریکہ کے دورے پر ہیں جن کا کہنا تھا کہ انہیں طیاروں کے معاملے پر بحث ہونے پر افسوس ہے۔

ہفتے کو چلی میں ایک اسٹاپ کے دوران جرمن چانسلر نے کہا کہ اس معاملے پر ایک سنجیدہ بحث تو ضروری ہے لیکن 'ایک دوسرے پر سبقت لے جانے' کی بات نہیں۔ کیوں کہ اس قسم کے مقابلے کی بات کے پیچھے یوکرین کی حمایت کے بجائے شاید ملکی سیاسی محرکات پیش نظر ہو سکتے ہیں۔

ادھر فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے پیر کو صحافیوں کے اس سوال کے جواب میں کہ آیا فرانس یوکرین کو لڑاکا طیارے بھیجنے پر غور کرے گا، کہا کہ کچھ بھی خارج ازامکان نہیں۔ تاہم انہوں نے ایسے اقدام کے اٹھانے سے پہلے کئی شرائط بیان کیں۔

ان شرائط میں اُن کے بقول یہ بھی شامل ہوگا کہ یہ سامان روسی سرزمین کو نہیں چھوئے گا، کشیدگی میں اضافہ نہیں کرے گا اور فرانسیسی فوج کی صلاحیتوں کو کمزور نہیں کرے گا۔

یوکرین میں جنگ سے بچوں کی نفسیات پر اثرات
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:15 0:00

فرانس اور آسٹریلیا نے پیر کو کہا کہ وہ مشترکہ طور پر کئی ہزار 155 ایم ایم توپ کے گولے تیار کر کے یوکرین بھیجیں گے۔

مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے بھی پیر کو جنوبی کوریا سے یوکرین کو براہِ راست فوجی مدد بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

سیئول کی حکومت ہتھیاروں کی برآمد میں اضافہ کرتی آرہی ہے اور اس کے پاس ایک اچھی طرح سے لیس، امریکی حمایت یافتہ فوج ہے۔

محاذ جنگ پرپیر کو یوکرین نے کہا کہ روسی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے مزید پانچ شہری ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے لیکن مشرقی یوکرین میں دونوں فریق سخت لڑائی میں تعطل کا شکار رہے۔

(اس خبر میں شامل مواد خبررساں ادارے ' اے پی'،' اے ایف پی' اور 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔)

XS
SM
MD
LG