رسائی کے لنکس

اسرائیل میں جو کچھ ہوا اسے کوئی بھی ملک برداشت نہیں کر سکتا، بلنکن


امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے یقینی بنا رہا ہے کہ حماس کے حملے کی طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ کسی بھی طرف لوگ مشکلات کا شکار ہوں، چاہے وہ اسرائیل میں ہوں یا غزہ میں اور ہم انہیں بچانے کے لیے اپنی تمام تر کوشش کر رہے ہیں۔

اینٹنی بلنکن نے دورۂ مشرقِ وسطیٰ کے موقع پر ریاض پہنچنے پر سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے حماس اسرائیل تنازع سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق اینٹنی بلنکن نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسرائیل میں جو کچھ ہوا اسے کوئی بھی ملک برداشت نہیں کر سکتا اور نہ اسے برداشت کرنا چاہیے۔ حماس نے اسرائیل میں 1300 سے زیادہ لوگوں کو قتل کیا جن میں 30 سے زیادہ ملکوں کے باشندے شامل تھے۔

اینٹنی بلنکن نے کہا کہ حماس فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں کرتی اور نہ ہی وہ فسلطینیوں کے مستقبل کی جائز خواہش ہے۔ حماس ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس کا ایجنڈا اسرائیل کا خاتمہ اور یہودیوں کو قتل کرنا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ دنیا حماس کو اس طرح دیکھے۔

واضح رہے کہ فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کر کے 1300 افراد کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ اسرائیل کی غزہ پر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 1800سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

حماس اسرائیل تنازع پر بات کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ یہ بہت تکلیف دہ اور مشکل صورتِ حال ہے اور اس تنازع کی وجہ سے سب سے زیادہ عام افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ دونوں جانب سویلین آبادی متاثر ہو رہی ہے۔

سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر ایسے راستوں کی تلاش کی ضرورت ہے جس کے ذریعے صورتِ حال کو امن کی جانب لے جایا جائے۔

سعودی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ تشدد کو روکنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے واقعات سے عام شہری متاتر ہوتے ہیں اور ہمیشہ دونوں طرف کے شہریوں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔

اینٹنی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل اپنا حقِ دفاع استعمال کرتے ہوئے یہ یقینی بنا رہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کبھی دوبارہ نہ ہوں۔

"یہ اہم ہے کہ ہم سویلین کے تحفظ کو دیکھیں اور ہم اس حوالے سے کام بھی کر رہے ہیں خاص طور پر غزہ میں ایسے محفوظ راستوں کی تلاش میں ہیں جن کی مدد سے ضرورت مندوں تک انسانی بنیاد پر امداد پہنچائی جائے۔"

انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ کسی بھی طرف لوگ مشکلات کا شکار ہوں، چاہے وہ اسرائیل میں ہوں یا غزہ میں۔ ہم انہیں بچانے کے لیے اپنی تمام تر کوشش کر رہے ہیں۔

اینٹنی بلنکن نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب مختلف امور پر ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ امن اور استحکام لانے کی کوشش کرنا انتہائی اہم ہے۔

اس خبر میں شامل معلوما ت خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG