رسائی کے لنکس

معاون امریکی وزیرِ خارجہ پاکستان و بھارت کا دورہ کریں گے


اسلام آباد میں، وزارتی اجلاس میں امریکہ کی نمائندگی کریں گے جس میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں پر بات ہوگی؛ جس کا مقصد افغانستان کو مکمل طور پر پُرامن اور مستحکم بنانا، اور ساتھ ہی، خطے کی سلامتی و خوش حالی کو بڑھاوا دینا ہے

امریکہ کے معاون وزیر خارجہ، انٹونی بِلنکن 7 دسمبر سے بھارت و پاکستان کا چار روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ سرکاری اہل کاروں اور غیر سرکاری ماہرین سے کلیدی سیاسی، معاشی اور سلامتی کے معاملات پر گفتگو کریں گے۔

اِس بات کا اعلان امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان نےجمعے کی شام گئے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ دسمبر سات اور آٹھ کو، بلنکن اعلیٰ بھارتی عہدے داروں سے ملیں گے جس دوران باہمی اور عالمی معاشی اور سکیورٹی کے معاملات کی وسیع تر جہت پر بات کریں گے، جن میں باہمی خوش حالی اور علاقائی استحکام پر جاری امریکہ بھارت تعاون پر گفتگو شامل ہوگی۔

بھارت ہی میں وہ ‘انکیوبیٹر‘ سے متعلق ایک مقامی کاروباری ادارے کا بھی دورہ کریں گے، جو جاری اس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پالیسی سازوں اور جدید آلات ایجاد کرنے والوں کے درمیان رسائی میں حائل مشکلات دور کرنا ہے۔

محکمہٴخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ معاون وزیر خارجہ آٹھ دسمبر سے پاکستان کا تین روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ ’ہرٹ آف ایشیا‘ کے وزارتی اجلاس میں امریکہ کی نمائندگی کریں گے۔ اس اجلاس میں وہ علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کے سلسلے میں بات کریں گے جس کا مقصد افغانستان کو مکمل طور پر پُرامن اور مستحکم بنانا، اور ساتھ ہی، مجموعی طور پر خطے کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بڑھاوا دینا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد قیام کے دوران، معاون وزیر خارجہ اعلیٰ پاکستانی عہدے داروں سے بھی ملاقات کریں گے، جس کا مقصد اکتوبر میں وزیر اعظم نواز شریف کے دورہٴ امریکہ کے تناظر میں ’ہمارے کثیر جہتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقہٴ کار‘ کے بارے میں گفتگو کرنا ہے۔'

امریکی معاون وزیر خارجہ ایک تقریب سے بھی خطاب کریں گے جس میں پاکستانی عوام، خاص طور پر خواتین کے لیے تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر امریکہ کی پاکستان سے پارٹنرشپ کی نشاندہی کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG