رسائی کے لنکس

ادب کا نوبیل انعام، مایہ ناز امریکی نغمہ نگار باب ڈیئلن کے نام


سویڈش اکیڈمی، جو سالانہ ادب کے نابیل انعام کا فیصلہ کرتی ہے، کہا ہے کہ ’’ڈیئلن کو اِس کا اہل اس لیے قرار دیا گیا، چونکہ اُنھوں نے امریکی نظم کی اعلیٰ روایت میں نئی شاعرانہ جدت پیدا کی‘‘

مایہ ناز امریکی موسیقار باب ڈیئلن نے سال 2016ء کا ادب کا ’نوبیل پرائز‘ جیتا ہے، جو پہلے نغمہ نگار ہیں جنھیں یہ اعلیٰ شہرت رکھنے والا اعزاز بخشا گیا ہے۔

سویڈش اکیڈمی، جو سالانہ ادب کے نابیل انعام کا فیصلہ کرتی ہے، کہا ہے کہ ’’ڈیئلن کو اِس کا اہل اِس لیے قرار دیا گیا، چونکہ اُنھوں نے امریکی نظم کی اعلیٰ روایت میں نئی شاعرانہ جدت پیدا کی‘‘۔

اعلان کے فوری بعد، اسٹاک ہوم میں لوگ کثیر تعداد میں اکٹھے ہوئے، جو سویڈن کے اِس شہر کا پرانہ علاقہ ہے، اور جب ڈیئلن کا نام پکارا گیا تو اُنھوں نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

گذشتہ برسوں کے دوران، نابیل انعام کے لیے اُن کا نام لیا جاتا رہا ہے۔ تاہم، اُنھیں یہ انعام نہیں مل پایا تھا۔

سنہ 1992کے بعد، ڈیئلن پہلے امریکی ہیں جنھوں نے ادب کا نوبیل انعام جیتا ہے، جب ٹونی موریسن کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔

پچہتر برس کے گلوکار اور نغمہ نگار، جن کا اصل نام رابرٹ ایلن زِمرمن ہے، اُنھوں نے سنہ 1959میں موسیقی کے کیرئر کا آغاز کیا، جب وہ وسط مغربی امریکی ریاست، مِنی سوٹا میں کافی ہاؤسز کے سامنے طبع آزمائی کرکے، اپنی خداداد صلاحیت کی جھلک پیش کرنے لگے۔

ڈیئلن 24 مئی 1941ء میں منی سوٹا کے شہر ڈُلوتھ میں پیدا ہوئے۔ اُن کا تعلق ایک متوسط درجے کے یہودی خاندان سے ہے۔ اُنھوں نے اپنی ذاتی کوششوں سے گٹار، ہارمونیکا اور پیانو سیکھا۔

سنہ 1960ء کی دہائی میں اپنے اعلیٰ پائے کے کلام کے باعث ڈیئلن مشہور ہوئے، جب ’بلوئنگ اِن دی ونڈ‘ جیسا سکہ بندھ نغمہ ویتنام جنگ کے مخالفت اور شہری آزادی کی تحاریک کے لیے قومی نغمے کی صورت اختیار کر گیا۔ اُنھیں سال 2008 میں ’پُلٹزر پرائیز‘ سے نوازا گیا جو موسیقی اور امریکی ثقافت کے شعبے میں اُن کی قابلِ قدر تخلیقات کی پذیرائی ہوئی۔

سنہ 1965ء میں اُن کے کلاسک نغمے، ’لائیک اے رولنگ اسٹون‘ کو ’رولنگ اسٹون میگزین‘ نے زمانے کا عظیم ترین کلام قرار دیا۔ رسالے نے لکھا تھا کہ ’’کوئی دوسرا پاپ سانگ اپنے دور، بلکہ تمام ادوار کے کمرشل قوانین اور جمالیاتی ذوق کی روایات کو اس حد تک متاثر نہیں کرتا جتنا کہ اس نغمے نے کیا ہے‘‘۔

ادبی ایوارڈ کے طور پر، ڈیئلن کو 906000 ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

مجموعی طور پر، نوبیل انعام یافتہ حضرات کی کُل تعداد چھ ہے، جنھیں 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں منعقد ہونے والی ایک باضابطہ تقریب میں طلائی تمغہ اور ڈپلوما کی اسناد پیش کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG