بھارت کی فلم انڈسٹری سے وابستہ ایک اور اداکار آصف بسرا نے بھی مبینہ طور پر خود کشی کر لی ہے۔
بھارت کے خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق آصف بسرا کی لاش ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا کے شہر دھرم شالہ میں ایک پرائیوٹ کمپلیکس میں چھت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔
ضلع کانگڑا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ویمکت رانجن کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خود کشی کے مقام سے فرانزک شواہد جمع کر لیے گئے ہیں۔
بھارت کے نشریاتی ادارے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق آصف بسرا گزشتہ پانچ سال اسے دھرم شالہ میں ایک فلیٹ میں کرائے پر مقیم تھے۔ 53 سالہ اداکار کی مبینہ خود کشی کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
واضح رہے کہ آصف بسرا نہ صرف بالی وڈ کی کئی فلموں میں کام کر کے بھر پور نام کما چکے تھے۔ بلکہ وہ بھارت کے ٹی وی کا بھی مشہور چہرہ قرار دیے جاتے تھے۔ تھیٹر پر بھی ان کی اداکاری کے چرچے رہے ہیں۔
آصف بسرا نے پانچ ماہ قبل خود کشی کرنے والے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم 'کائی پو چے' میں 2013 میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے 34 سال کی عمر میں رواں سال 14 جون کو خود کشی کی تھی۔ ان کی خود کشی کی تحقیقات جاری ہیں۔ جس میں پولیس نے کئی مشہور اداکاروں سے تفتیش بھی کی تھی۔
اس معاملے میں کچھ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ اب پولیس اس معاملے میں منشیات کی فروخت اور استعمال کی بھی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'اے بی پی لائیو' نے دعویٰ کہا کہ آصف بسرا ممکنہ طور پر ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
آصف بسرا 1967 میں ریاست مہاراشٹرا کے شہر امراوتی میں پیدا ہوئے تھے۔ بعد ازاں اپنا فلمی کریئر بنانے کے لیے وہ ممبئی منتقل ہوئے۔
آصف بسرا کو انوراگ کیشپ کی 1993 کے ممبئی بم دھماکوں پر مبنی فلم 'بلیک فرائیڈے' سے شہرت ملی۔ یہ فلم 2004 میں سامنے آئی تھی۔
بعد ازاں انہوں نے امریکن کامیڈی فلم 'آؤٹ سورسڈ' میں بھی کام کیا۔ انہوں نے 2007 میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کے ہمراہ 'جب وی میٹ' میں بھی اداکاری کی تھی۔
بعد کے سالوں میں انہوں نے ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی، ناک آؤٹ، کریش تھری، تامل فلم انجان، گجراتی فلم رانگ سائیڈ راجو، فریکی علی، ہچکی سمیت کئی فلموں میں کام کیا۔
ان کی ویب سیریز پاتال لوک اور ہوسٹیجز میں اداکاری کو بھی سراہا گیا۔
آصف بسرا کی اچانک موت پر بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے افسوس اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ہدایت کار ہانسل مہتا نے ایک ٹوئٹ میں ان کی خود کشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف بسرا، یہ سچ نہیں ہو سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بہت زیادہ افسوس ناک ہے۔
منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ یہ بہت تکلیف دہ امر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن سے قبل ان کے ہمراہ شوٹنگ کی تھی۔
سوارا باسکر نے بھی ان کی خود کشی کو ناقابلِ یقین قرار دیا۔
انوپم کھیر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آصف بسرا کی موت سے گہرا صدمہ اور تکلیف ہوئی ہے۔ وہ نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ بہترین انسان بھی تھے۔
نکیتن دھیر کا کہنا تھا کہ آصف بسرا کے بارے میں سن کر شدید دھچکا لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے ہمراہ دو فلموں میں کام کیا تھا۔ وہ زندگی سے بھر پور شخصیت کے مالک تھے۔