رسائی کے لنکس

باکسنگ: عامر خان کا ٹائٹل میچ دوبارہ کرانے کا حکم


باکسنگ: عامر خان کا ٹائٹل میچ دوبارہ کرانے کا حکم
باکسنگ: عامر خان کا ٹائٹل میچ دوبارہ کرانے کا حکم

امریکہ میں پچھلے سال ہونےوالے مقابلے میں متنازع فیصلے کی وجہ سے عامر خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جِس پر اُنہوں نے'ڈبلیو بی اے' اور 'آئی بی ایف' کے پاس اپیلیں دائر کی تھیں

باکسنگ کی عالمی تنظیم 'ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو بی اے)' نےپاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور اُن کے امریکی حریف لیمونٹ پیٹرسن کے درمیان 'لائٹ ویٹ چیمپئن' کے ٹائٹل کا میچ دوبارہ کرانے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔

واضح رہے کہ 10 دسمبر کو امریکا میں ہونےوالےلائٹ ویٹ مقابلے میں متنازع فیصلے کی وجہ سےپاکستانی نژاد باکسر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جِس پر اُنہوں نے'ڈبلیو بی اے' اور 'انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن' کے پاس مقابلہ دوبارہ کرانے کی اپیلیں دائر کردی تھیں۔

واشنگٹن کے 'والٹر ای کنونشن سینٹر' میں ہونے والے میچ میں عامر نے جج پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ رنگ میں حریف باکسر کے ساتھ ساتھ جج بھی ان کے مدِ مقابل تھا۔

عامر خان کی تشہیر کے نگران ادارے 'گولڈن بوائے پروموشنز' کے سربراہ رچرڈ شیفر کی جانب سے باکسنگ کی عالمی تنظیموں کو دی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ جیوری کے پاس آخری وقت میں ایک شخص آکر بیٹھا جس نے مبینہ طور پر میچ کا فیصلہ تبدیل کرایا۔

میچ میں ہونے والی دیگر بےضابطگیوں کے علاوہ میچ کے دوران ریفری نے ایک موقع پر عامر خان کے دو پوائنٹ بھی نفی کردیے تھے جس پر کھلاڑی اور ان کے پروموٹرز نے خاصی برہمی کا اظہار کیا تھا۔

عامر خان نے میچ میں اپنی شکست کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مقابلے کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا تھا جسے 'ڈبلیو بی اے' کے نائب صدر جلبرٹو مینڈوزا کے مطابق منظور کرلیا گیا ہے۔

عامر خان کے پروموٹر رچرڈ شیفر نے بھی تصدیق کی ہے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن نے انہیں تحریری طور پر میچ کے دوبارہ انعقاد کے فیصلے کی اطلاع دے دی ہے۔

تاہم، یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 'ڈبلیو بی اے' کے فیصلے کے باوجود میچ کا دوبارہ انعقاد مقابلے میں فاتح قرار دیے گئے لیمونٹ پیٹرسن کی مرضی پر منحصر ہے۔

مسٹر شیفر کے مطابق اتفاقِ رائے کی صور ت میں ٹائٹل میچ کا دوبارہ انعقاد 19 مئی کو لاس اینجلس کے 'اسٹیپلز سینٹر' میں ہوسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG