رسائی کے لنکس

بی پی کوسمندر میں تیل کا اخراج روک دینے کی اُمیدہے


اِس تیل سے امریکہ کے جنوبی ساحل کے قدرتی ماحول کے لیے شدید نقصان کا خطرہ بدستورموجود ہے

تیل کی بہت بڑی کمپنی برٹش پیٹرولیم یا بی پی نے کہا ہے کہ اُس نے سمندر میں تیل کے اُس اخراج کو بند کرنے کے لیے ایک بہت بڑا فولادی ڈھانچا بنانے کا کام مکمل کرلیا ہے، جو اس وقت خلیج میکسکو کو آلودہ کررہا ہے۔

تیل کمپنی کا کہنا ہے کہ 98 ٹن کے اس ڈھانچے میں شامل ایک ٹینک میں سب سے پہلے کنوئیں سے تیل کے اخراج کے تین مقامات میں سے اُس ایک مقام سے تیل جمع کیا جائے گا ، جہاں سے سب سے زیادہ تیل خارج ہورہا ہے ۔ اور پھر اس تیل کو پائپ کے ذریعے سطح سمندر پر پہنچایا جائے گا ، جہاں اسے کسی ٹینکر میں جمع کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اُس نے اس سے پہلے کبھی بھی 1500 میٹر سے زیادہ گہرائى میں اس طریقے سے تیل کے اخراج پر قابو کی کوشش نہیں کی اور وہ اس کوشش کی کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتی۔

سُست رفتار ہواؤں اور پُر سکون سمندر کے باعث سطح آب پر پھیلتی ہوئى تیل کی چادر کو قابو میں رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔ لیکن پھر اس تیل سے امریکہ کے جنوبی ساحل کے قدرتی ماحول کے لیے شدید نقصان کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ سازگار موسم سے تیل کی چادر کے پھیلنے کی رفتار سُست پڑ سکتی ہے اور اس طرح اُس پر قابو پانے کی کوششیں زیادہ موثر ہو سکتی ہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ سمندر کی سطح پر سے تیل کو صاف کرنے کوششوں میں منگل کے روز تک 170 کشتیوں کے ساتھ تقریباً 7500 کارکن مصروف تھے اور مزید 2000 رضا کار اُن کی مدد کررہے تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ تیل کو ساحل تک پہنچنے سے روکنے کے لیے پانی کی سطح پر ایک لاکھ48000 میٹر لمبی ربر کی ٹیوب ڈال دی گئى ہے۔

ہارٹ انسٹی ٹیوٹ فار گلف آف میکسکو سٹڈیز کا کہنا ہے کہ تیل کے اس اخراج سے تجارتی پیمانی پر ماہی گیری، مچھلی کے شکار اور سیاحت سمیت، علاقے کی سالانہ اقتصادی سرگرمیوں کو ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچے گا۔

XS
SM
MD
LG