رسائی کے لنکس

دسمبر کی سرد راتوں میں سب کے دلوں کو گرمانے’کرسمس‘ آگیا


بوہری بازار کی بیشتر دکانیں اتوار کو بند ہوتی ہیں۔ لیکن، کرسمس سے پہلے چھٹی کا آخری دن ہونے کے باعث اس اتوار کو بھی بازار کی رونقیں جگمگاتی رہیں اور مسیحی برادری نے دل کھول کر خریداری کی

صدر کراچی کا ایسا علاقہ ہے جہاں مسیحی، مسلمان، پارسی، ہندو اور بوہری برادری مل جھل کر رہتی ہے۔ کوئی بھی تہوار ہو، کسی بھی کمیونٹی کا ہو یہاں وہ گہماگہمی ہوتی ہے کہ گویا سارا شہر اس کی مستی میں جھوم اٹھتا ہے۔

ان دنوں بھی صدر کا بوہری بازار چار دن بعد آنے والے کرسمس کے لئے نت نئے رنگوں اور رونقوں سے سجا ہوا ہے۔ کرسمس کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور مسیحی برادری جوش و جذبے کے ساتھ کرسمس کی خریداری میں مصروف نظر آتی ہے۔

کرسمس ٹری، سانتا کلاز اور جِنگل بیلز سمیت کونسی ایسی شے ہے جس پر خریداروں کا رش نہ ہو۔ گارمنٹس کی دکانیں تو گویا سج دھج کر موسم بہار سے بڑھ کر سہانا منظر پیش کر رہی ہیں۔

بوہری بازار کی بیشتر دکانیں اتوار کو بند ہوتی ہیں۔ لیکن، کرسمس سے پہلے چھٹی کا آخری دن ہونے کے باعث اس اتوار کو بھی بازار کی رونقیں جگمگاتی رہیں اور مسیحی برادری نے دل کھول کر خریداری کی۔

خریداری میں مصروف ایک نوجوان نے مہنگائی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا، ’گزشتہ سال کی نسبت اشیاء کافی مہنگی ہیں لیکن خریداری تو کرنی ہی ہے۔‘

ایک خاتون خریدار کا کہنا تھا، ’کرسمس ہماری عید ہے اور اس دن کو ہم بھرپور جوش و جذبے سے مناتے ہیں، گھر پر طرح طرح کے کھانے بناتے ہیں اور عزیز و اقارب کے ساتھ خوب انجوائے کرتے ہیں۔‘

دنیا بھر میں مسیحی برادری 25 دسمبر کو عید ولادت مسیح یا بڑا دِن کے طور پر مناتی ہے جسے کرسمس بھی کہا جاتا ہے۔ عیسائی مذہب میں کرسمس سال کا دوسرا اہم ترین تہوار ہے جبکہ ایسٹر کو پہلے بڑے تہوار کا نام دیا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG