رسائی کے لنکس

شام میں داعش کے خلاف فضائی کارروائی پر تیار ہیں: کیمرون


فرانس نے پیر کے روز لڑاکا طیارے لے جانے والا اپنا واحد بحری بیڑہ، ’چارلس ڈی گال‘ بحیر روم میں تعینات کر دیا ہے، تاکہ وہ قبرص کا متبادل فوجی ہوائی اڈا استعمال کر سکے۔

برطانوی وزیر اعظم، ڈیوڈ کیمرون نے پیر کے دِن فرانس کو پیش کش کی کہ وہ شام میں داعش کے باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کے لیے تیار ہے، جس کے لیے وہ اس ہفتے برطانوی پارلیمان سے منظوری لیں گے، تاکہ جہادیوں کے خلاف لڑائی میں شرکت کی جاسکے۔

پیرس کے دورے کے دوران، برطانوی رہنما نے فرانسیسی صدر، فرانسواں اولاں کو بتایا کہ دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی حملوں کے لیے فرانسیسی لڑاکا طیارے قبرص کے برطانوی ایئربیس کو استعمال کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی، اُنھوں نے فضا ہی میں ایندھن بھرنے کی خدمات کی پیش کش سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
کیمرون نے ’داعش‘ کے مخفف کا استعمال کیا۔ بقول اُن کے، ’میں صدر اولاں کے اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہوں جنھوں نے شام میں داعش کے خلاف حملے شروع کیے، اور میں اس بات میں پُرعزم ہوں کہ برطانیہ کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیئے‘۔

برطانیہ پہلے ہی عراق میں داعش کے خلاف بمباری میں حصہ لے رہا ہے۔

پیرس میں ہونے والے مہلک حملوں کے بعد، جس میں کم از کم 130 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے، فرانس نے شام میں داعش کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے حملے تیز کردیے ہیں۔

فرانس نے پیر کے روز لڑاکا طیارے لے جانے والا اپنا واحد بحری بیڑہ، ’چارلس ڈی گال‘ بحیر روم میں تعینات کر دیا ہے، تاکہ وہ قبرص کا متبادل فوجی ہوائی اڈا استعمال کر سکے۔

شدت پسندوں کے خلاف مربوط حملہ کے لیے حمایت کے حصول کے لیے، اولاں عالمی رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت کے نئے دور پر روانہ ہونے والے ہیں۔ وہ منگل کو واشنگٹن جارہے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر براک اوباما سے حکمت عملی پر مبنی بات چیت کریں گے۔ اسی ہفتے کے آخر میں وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے لیے ماسکو جائیں گے۔ اولاں جرمن چانسلر آنگلہ مرخیل اور اطالوی وزیر اعظم متیو رینزی سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اوباما، اولاں ملاقات میں امریکی قیادت والے اتحاد کے جزو کے طور پر ’تعاون کو تقویت دینے‘ پر بات ہوگی۔ اتحاد ایک برس سے زائد عرصے سے عراق اور شام میں داعش کے اہداف کے خلاف فضائی کارروائیوں میں حصہ لیتا رہا ہے۔

فرانسیسی لڑاکا طیارے ان کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، اور اہل کاروں کا کہنا ہے کہ مزید اقدام کی خواہش کا دائرہ شام میں زمینی فوج کی تعیناتی کی صورت میں وسیع تر کرنے سے متعلق ہے۔
اولاں نے پیر کے روز کہا کہ اُن کی فوج شام میں کیے جانے والے حملوں کو تیز کرنے کا ادارہ رکھتی ہے۔


XS
SM
MD
LG