معروف امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے تقریباً چھ برس بعد بالآخر اپنے بوائے فرینڈ سیم اصغری سے شادی کر لی ہے۔ لیکن تقریب میں پیش آنے والے ایک واقعے نے تقریب کی میڈیا کوریج کو مزید ڈرامائی بنا دیا ہے۔
جمعرات کو امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں گلوکارہ کی شادی کے روز ان کے سابق شوہر جیسن ایلکس زینڈر نے تقریب 'خراب' کرنے کی کوشش کی، جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق برٹنی اسپیئرز کے سابق شوہر کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنے موبائل فون سے تقریب کی ویڈیو بنا رہے تھے۔
کیلی فورنیا کی وینچورہ کاؤنٹی کے شیرف کیپٹن کیمرون ہینڈرسن کے مطابق جیسن ایلیکزینڈر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے لائیو تھے اور اس دوران برٹنی کی شادی کے وینیو پر تعینات سیکیورٹی اہل کاروں نے ان سے سوال کیا جس پر جیسن نے کہا کہ انہیں برٹنی نے مدعو کیا ہے۔
گلوکارہ کے سابق شوہر نے کہا کہ "برٹنی میری پہلی بیوی ہے، میں اس کا پہلا شوہر ہوں اور یہاں اس کی شادی کی تقریب خراب کرنے کے لیے آیا ہوں۔"
یاد رہے کہ برٹنی اسپیئرز اور جیسن بچن کے دوست تھے اور دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی لیکن یہ شادی صرف 55 گھنٹے تک ہی برقرا رہی۔
اس سے قبل انہوں نے امریکی گلوکار کیون فیڈرلائن سے شادی کی تھی جن سے اس کے دو بیٹے تھے۔گلوکارہ کی کیون فیڈرلائن کے ساتھ 2007 میں علیحدگی ہو گئی تھی۔
سیم اصغری برٹنی اسپیرز کے تیسرے شوہر ہیں۔ گلوکارہ نے ستمبر 2021 میں ان سے منگنی کا اعلان کیا تھا۔
فلم، ٹیلی ویژن پروگرام، آن لائن اسٹریمنگ مواد اور شخصیات کی ریٹنگز کرنے والی ایجنسی آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) پر دی گئی معلومات کے مطابق سیم اصغری کا اصل نام حسام اصغری ہے جو تین مارچ 1994 کو ایران کے دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئے تھے اور 2006 میں امریکہ منتقل ہو گئے تھے۔
سیم اداکار ہونے کے ساتھ ایک فٹنس ٹرینر بھی ہیں جو صارفین کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ انہیں ڈائٹ پلان بھی فراہم کرتے ہیں۔
برٹنی اسپیئرز کی سیم اصغری سے ملاقات 2016 میں اپنی میوزک ویڈیو 'سلمبر ہارٹی' کے سیٹ پر ہوئی تھی۔