کیلی فورنیا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور وہ امریکہ کی دوسری ایسی ریاست بن گئی ہے جہاں کرونا کے کیسز کی تعداد 10 لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز پر ٹیکساس کرونا کے 10 لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ کرنے والی امریکہ کی پہلی ریاست بن گئی تھی۔
جمعرات کو کیلی فورنیا میں کرونا کے مزید سات ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ سات دن سے ریاست میں کرونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی شرح 5 فی صد ہے۔
صرف ایک ہفتہ قبل تک ریاست میں کرونا کے روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد تین ہزار سے کم تھی اور ٹیسٹ کے مثبت آنے کی شرح بھی صرف ڈھائی فی صد تھی۔
کیلی فورنیا امریکہ کی گنجان ترین ریاست ہے جس کی آبادی چار کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ ریاست میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کرونا کے مریضوں کے اسپتال میں داخلے کی شرح میں بھی 30 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہونے کے باعث لوگوں نے اپنی ملاقاتیں اور تقریبات کھلی فضا کی بجائے چار دیواری میں کرنا شروع کر دیں ہیں جو کیسز بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔
ریاست کے گورنر گیون نیوسم نے کہا ہے کہ 31 اکتوبر کو منایا جانے والا ہالووین کا تہوار بھی کیسز میں اضافے کی وجہ ہو سکتا ہے جس کے دوران لوگوں کے میل ملاپ میں اضافہ ہوا تھا۔
کیسز میں اضافے کے بعد ریاستی حکام نے کئی کاؤنٹیز میں کاروبار کھولنے کا ارادہ ملتوی کر دیا ہے جب کہ کئی ایسی کاؤنٹیز اور شہروں میں بعض پابندیاں دوبارہ لگائی جا رہی ہیں جہاں کرونا کے کیسز میں کمی کے بعد معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے تھے۔
کیلی فورنیا میں اب تک کرونا کے باعث 18 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کیلی فورنیا میں کیسز میں اضافہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکہ بھر میں کرونا کی دوسری لہر زور پکڑ رہی ہے۔
امریکہ میں صرف نومبر کے پہلے 10 روز کے دوران وائرس کے 10 لاکھ سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکہ میں اب تک کرونا کے ایک کروڑ پانچ لاکھ سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ دو لاکھ چالیس ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ مریضوں اور اموات کے اعتبار سے دنیا بھر میں امریکہ کرونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔