رسائی کے لنکس

ورلڈکپ میں مسلسل تیسری شکست، پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل


بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں مسلسل تیسری شکست کے بعد پاکستان کی ٹائٹل کی دوڑ مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ بابر الیون کے پاس فائنل تک رسائی کے امکانات آئندہ میچز میں کامیابی پر ہی منحصر ہیں۔

ایونٹ میں پہلے بھارت، پھر آسٹریلیا اور اب افغانستان سے شکست کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ بابر الیون نے ایونٹ میں اب تک پانچ میچز کھیل کر دو میں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس کے چار پوائنٹس ہیں۔

گرین شرٹس کے بقیہ میچز جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف ہیں۔

ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں وہی چار ٹیمیں پہنچیں گی جو پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چار نمبروں پر ہوں گی۔ اس وقت بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہیں اور چاروں ٹیموں کو مزید چار چار میچز کھیلنا ہیں۔

افغانستان کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور پھر پاکستان کے خلاف جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتِ حال بن گئی ہے۔ کیوں کہ انگلینڈ اس وقت آخری نمبر پر ہے اور پاکستان کا نمبر پانچواں ہے۔

میزبان بھارت پانچوں میچز جیت کر دس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ میں سے چار میچز جیت کر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے چار، چار میچز کھیلے ہیں اور دونوں ٹیمیں بالترتیب چھ اور چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔

پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر ابتدائی چار ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے بقیہ میچز میں کامیابی درکار ہے۔ بابر الیون کا اگلا میچ 27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہو گا۔ جنوبی افریقی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔

کپتان بابر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈکپ کے دوران اولین میچز میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پایا جائے گا اور بقیہ میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ لیکن اس کے لیے نہ صرف پاکستانی ٹیم کو بقیہ میچز میں کامیابی سمیٹنا ہو گی بلکہ نیٹ رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت افغانستان کے بھی پاکستان کے برابر چار پوائنٹس ہیں۔ لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پاکستان پانچویں اور افغانستان چھٹے نمبر پر ہے۔

بنگلہ دیش نے چار میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اس لیے اس کا نمبر ساتواں ہے جب کہ نیدرلینڈز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی چار، چار میچز کھیل کر ایک ایک میں کامیابی کے ساتھ بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG