رسائی کے لنکس

ایشٹن کارٹر کا امریکہ جاپان دفاعی اتحاد کا خیر مقدم


امریکہ اور جاپان کے وزرائے دفاع کی ٹوکیو میں ملاقات
امریکہ اور جاپان کے وزرائے دفاع کی ٹوکیو میں ملاقات

یہ دورہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے ایشیا میں اپنی ترجیحات مرکوز کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ فوجی اتحاد کو اجاگر کرنا ہے۔

امریکہ کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب سے مذاکرات کے دوران جاپان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم کیا ہے۔

کارٹر جاپان کے تین روزہ دورے پر ہیں جس میں فریقین دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے رہنما خطوط کا از سرِ نو جائزہ لیں گے۔

یہ دورہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے ایشیا میں اپنی ترجیحات مرکوز کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ فوجی اتحاد کو اجاگر کرنا ہے۔

جاپانی وزیرِ دفاع جنرل ناکاٹانی کے ہمراہ بات کرتے ہوئے کارٹر نے کہا کہ وہ امریکہ جاپان تعلقات کی تجدید کے ’’اگلے مرحلے کی نگرانی کے لیے پر عزم ہیں‘‘۔

کارٹر نے یہ بھی بتایا کہ ناکاٹانی سے بات چیت کے دوران انہوں نے مشرقی بحیرہ چین میں واقع جزیروں کے بارے میں امریکی مؤقف کی تصدیق کی۔ ان جزیروں پر جاپان کا چین سے تنازع ہے۔

’’میں نے صدر اوباما کے جولائی 2014ء کے اس عزم کی توثیق کی ہے کہ سکیورٹی معاہدے کو جاپان کے زیرِ انتظام تمام علاقوں پر لاگو کیا جائے گا اور تصدیق کی ہے کہ امریکہ کسی بھی ایسے یک طرفہ اقدام کی سخت مخالفت جاری رکھے گا جس سے جاپان کا سینکاکو جزیروں پر انتظامی کنٹرول کمزور ہو۔‘‘

صدر اوباما نے گزشتہ برس تصدیق کی تھی کہ امریکہ جاپان سکیورٹی معاہدہ جاپان کے زیرِ انتظام جزیروں پر بھی لاگو ہو گا۔

حالیہ برسوں میں چین نے ان متنازع غیر آباد جزیروں کے قریب بحری اور فضائی گشت کے ذریعے ان پر جاپان کے کنٹرول کو چیلنج کرنے کی کوشش کی ہے۔

چین نے جنوبی بحیرہ چین میں کئی دوسرے متنازع علاقوں میں بھی اس طرح کی حکمتِ عملی استعمال کی ہیں جس سے اس کے کئی پڑوسی ملک پریشان ہو گئے ہیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ ان تنازعات میں کوئی مؤقف نہیں اپنائے گا مگر واشنگٹن کئی مرتبہ چین کو اپنا جارحانہ رویہ قابو میں کرنے کا کہہ چکا ہے۔ کارٹر نے بھی اس خیال کو دہرایا۔

’’جیسا کہ ہم کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ ہم ان علاقائی تنازعات میں کوئی مؤقف نہیں اپنائیں گے، مگر ہم ان تنازعات کو عسکری بنانے کے خلاف سخت مؤقف رکھتے ہیں۔‘‘

کارٹر کا کہنا تھا کہ امریکہ جاپان دفاعی خطوط کی تجدید سے ناصرف دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ اس سے ’’علاقے میں سلامتی فراہم کرنے کی زیادہ گنجائش ملے گی۔‘‘

XS
SM
MD
LG