بھارت میں تقریباً 10 برس بعد کوئی پاکستانی فلم ریلیز ہونے جا رہی تھی لیکن فلم کی ریلیز سے صرف ایک روز قبل ہی اسے روکنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' 30 دسمبر کو بھارت کے چند سنیما گھروں کی زینت بننا تھی۔
بھارتی نیوز چینل 'ٹائمز ناؤ' کے مطابق سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نے ایک ہفتہ قبل فلم کی ریلیز کی منظور دی تھی۔ 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی اور ریاست پنجاب کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جا رہی تھی۔
بھارتی ویب سائٹ 'بالی وڈ ہنگامہ' کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کو دیا گیا سینسر سرٹیفکیٹ منسوخ کیا گیا ہے یا نہیں۔ تاہم فلم کی ریلیز غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے۔
پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی بھارت میں ریلیز پر بحث جاری تھی۔
سیاسی جماعت مہاراشٹرا نونرمن سینا (ایم این ایس) کے رہنما امے کھوپکر نے کہا تھا کہ وہ بھارت میں پاکستانی فلم کو ریلیز ہونے نہیں دیں گے۔
سن 2019 میں آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں پاکستانی اداکاروں اور فن کاروں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔