رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 97 رنز سے ہر ادیا


اوول میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دیا۔جس کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 203 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 97 رنز سے شکست دے دی، ہاشم آملہ نے شاندار سنچری اسکور کی۔ سری لنکن ٹیم 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 203 رنز بنا سکی۔

اوول میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دیا، سری لنکن اوپنرز نیروشن ڈک ویلا اور اوپل تھرنگا نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 40 گیندوں پر 50 رنز بنالئے، جب مجموعی اسکور 69 رنز پر پہنچا توڈک ویلا 33 گیندوں پر 41 رنز بنا کر مورکیل کی گیند پر پارنیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 98 رنز پر کوشل مینڈس 11رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے سری لنکا کی وکٹیں گرتی گئیں اور اگلی تین وکٹیں اسکور میں صرف 23 رنز کا اضافہ کر سکیں۔ چندیمل 12رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، کاپوگیدیرا بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے جبکہ اوپل تھرنگا 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پرسنا 13 رنز بناکر موریس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ لکمل بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوئے۔ ملنگا صرف ایک رن بنا کر ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آہوئے ہوئے۔

یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 41 اعشاریہ 3 اوورز میں 203 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ نے میچ 97 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

پروٹیز کی سری لنکا کے خلاف یہ مسلسل آٹھویں فتح ہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر نے چار، موریس نے دو، جبکہ مورکیل اور ربادا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقا کو 44 رنز پر پہلا نقصان ڈی کوک کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 23 پردیپ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے ڈک ویلا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد فاف ڈوپلیسی نے ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 129 گیندوں پر 145 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس موقع پر ڈوپلیسی 75 رنز بناکر ہاشم آملہ کا ساتھ چھوڑ گئے۔

ابھی مجموعی اسکور میں صرف 5 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ نئے بیٹسمین ڈی ولیئرزصرف 4 رنز بناکر پرسنا کی گیند پر کاپوگیدیرا کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈیوڈ ملر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 18 رنزکی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اس دورن آملہ نے اپنی سنچری مکمل کی، جو ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں ان کی 25 ویں سنچری ہے۔ آملہ سنگل کو ڈبل کرنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے، انہوں نے 103رنز بنائے۔

ہاشم آملہ نے 151 اننگز میں 25 سنچریاں بنا کر بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کوہلی نے 25 سنچریاں 162 اننگز کھیل کر بنائیں تھیں۔

کرس موریس بھی 20 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ جے پی ڈومینی نے ناقابل شکست 38 اور پارنیل 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، یوں جنوبی افریقہ نے مقررہ پچاس اوور ز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پردیب نے 2 جبکہ لکمل اور پرسنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG