چین نے اپنے ہاں بین الاقوامی جریدے "دی اکنامسٹ" اور "ٹائم" کی ویب سائٹس تک رسائی بند کر دی ہے۔
امریکی اخبار "نیویارک ٹائمز" کے مطابق بظاہر یہ پابندی ان جریدوں میں چینی صدر شی جنپنگ پر حالیہ تنقیدی اداریوں کے باعث عائد کی گئی۔
چین نے اپنے ہاں بین الاقوامی خبروں کی متعدد ویب سائٹس کو بلاک کر رکھا ہے جن میں وائس آف امریکہ، دی ٹائمز، دی انڈیپنڈنٹ اور بلومبرگ بھی شامل ہیں۔
چین میں انٹرنیٹ اور سماجی رابطوں پر قدغنوں پر نظر رکھنے والی "گریٹ فائر ڈاٹ او آر جی" کے مطابق "اکنامسٹ" کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن پر دو اپریل سے پابندی ہے۔
دریں اثناء اس کمیونسٹ ریاست کی معلومات کو قابو رکھنے کی کوششوں کی ایک اور ستم ظریفی یہ دیکھنے میں آئی ہے کہ چین کی گریٹ فائر وال کے خالق کی بھی ایک ویب سائٹ تک رسائی روک دی گئی ہے۔
اس فائروال کے ذریعے حکومت یہ فیصلہ کرتی ہے کہ کون سی ویب سائٹس شہریوں کو دیکھنی چاہیئں اور کون سی نہیں۔
فنگ بنسنگ نے ہربن انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں ایک مذاکرے کے دوران بتایا کہ وہ جنوبی کوریا کی ایک ویب سائٹ دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس تک کی رسائی روک دی گئی۔
بعد ازاں انھوں نے اپنی ہی تخلیق کردہ فائروال کا مذاق بھی اڑایا۔