چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کے پہاڑی علاقے میں جنگل میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کے دوران آگ بجھانے والے 30 اہل کار ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق میولی کاؤنٹی میں 13,000 فٹ کی اونچائی پر واقع جنگل میں ہفتے کے روز آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر قابو پانے کے لیے حکام نے اتوار کے روز سات سو کے قریب فائر فائٹرز کو تعینات کیا تھا۔
امدادی ٹیموں کو لاپتا ہونے والے عملے کے ارکان میں سے 30 کی نعشیں مل گئی ہیں جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
قبل ازیں حکام نے کہا تھا کہ ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے آگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا تھا جس کے بعد سے عملے کے 30 اہل کاروں کے ساتھ رابطہ منقع تھا۔
چین کے ہنگامی صورت حال پر نظر رکھنے والے محکمے کے مطابق دو ہیلی کاپٹروں میں طبی سامان جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے شائع کی گئی تصاویر میں پہاڑی علاقے میں موجود جنگلات سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اپریل 2017ء میں چین کے شمالی صوبے شانزی کے جنگل میں آگ بھڑک اٹھنے سے 4 فائر فائٹرز ہلاک ہو گئے تھے۔