رسائی کے لنکس

چین 'جی میل'سروس میں مداخلت کررہا ہے، گوگل کا الزام


چین 'جی میل'سروس میں مداخلت کررہا ہے، گوگل کا الزام
چین 'جی میل'سروس میں مداخلت کررہا ہے، گوگل کا الزام

معروف انٹرنیٹ سرچ انجن "گوگل" نے الزام عائد کیا ہے کہ چین کی جانب سے کمپنی کی "جی میل" سروس میں مداخلت کی جارہی ہے جس کے باعث اس کے یوزرز کو ای میل کے نظام تک رسائی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

کمپنی کے مطابق اسے اپنے ای میل نظام میں خرابیوں سے متعلق اس وقت سے شکایات موصول ہورہی تھیں جب سے انسانی حقوق کیلیے کام کرنے والے افراد اور تنظیموں کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری عوامی احتجاجی تحریک کی طرز پر چین میں بھی مظاہروں کی کال دی گئی تھی۔

امریکہ میں ہیڈکوارٹر رکھنے والی "گوگل" کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہےکہ کمپنی نے اپنے نظام کی تفصیلی جانچ پڑتال کی ہے اور اس کے ای میل سسٹم میں کوئی خرابی موجود نہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ای میل نظام میں آنے والی خرابی چینی حکومت کی جانب سے عائد کردہ رکاوٹوں کا نتیجہ ہے جنہیں کمپنی کے بقول اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے ایسا محسوس ہو کہ خرابی "گوگل" کی جانب سے ہے۔

"گوگل" نے گزشتہ سال چین میں ہیکنگ اور حکومتی سینسر شپ کے خلاف بطورِ احتجاج چینی حکومت سے "سرچ رزلٹس" کی فلٹرنگ سے متعلق تعاون ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں کمپنی کی جانب سے چینی حکومت کی سینسر شپ کی پابندیوں سے بچنے کیلیے چینی زبان میں فراہم کی جانے والی سرچ سروس کو ہانگ کانگ منتقل کردیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG