رسائی کے لنکس

گوگل کا چین پر ای میل اکاؤنٹس ہیک کرنے کا الزام


گوگل کا چین پر ای میل اکاؤنٹس ہیک کرنے کا الزام
گوگل کا چین پر ای میل اکاؤنٹس ہیک کرنے کا الزام

انٹرنیٹ کے معروف سرچ انجن گوگل کے ایک بارپھر چین کے ساتھ تنازعات سامنے آرہے ہیں۔ گوگل کاکہناہے کہ اس کی ویب سائٹ پر تازہ ہیکر حملوں میں سینکڑوں افراد کے ای میل اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں جن میں سینیئر امریکی عہدے داروں، صحافیوں اور چین کے سیاسی کارکنوں کے ای میل اکاؤنٹس شامل ہیں۔

گوگل کا کہناہے کہ مشرقی چین سے کیے جانے والے اس ہیکر حملے کا مقصد جی میل اکاؤنٹس رکھنے والوں کے پاس ورڈ چرانا ہے ۔

گوگل نے اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی کہ کن افراد کے ای میل اکاؤنٹس ہیک کیے گئے ہیں، تاہم وہائٹ ہاؤس کا کہناہے کہ کوئی وجہ نہیں ہے کہ یہ تسلیم نہ کیا جائے کہ امریکی عہدے داروں کے ای میل اکاؤنٹس ہیکر حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔

جمعرات کے روزچینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان لونگ لی نے کہا کہ ہیکر حملوں کا الزام چین پر عائد کرنا ناقابل قبول ہے۔

ترجمان نے پچھلے سال کے ایک تنازع کا حوالہ دیا جس کے باعث چین میں گوگل کو اپنے لائسنس کی تجدید میں تاخیر کاسامنا کرناپڑاتھا۔

گوگل کا کہناہے کہ ہیکرز نے ایک خاص طریقے کے ذریعے ای میل اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کیں۔ اس طریقہ کار میں اکاؤنٹس ہولڈرز کو ان کے دوستوں اور عزیزوں کی جانب سے جعلی ای میلز بھیجی جاتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG