رسائی کے لنکس

متنازع جزائرپر چین جاپان کشیدگی میں اضافہ


متنازع جزائرپر چین جاپان کشیدگی میں اضافہ
متنازع جزائرپر چین جاپان کشیدگی میں اضافہ

چینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بحرالکاہل کے ان متنازع جزائر کو نام دینے کے منصوبے پہ جاپانی حکومت سے باضابطہ احتجاج کیا ہے، جن کی ملکیت کے دعویدار دونوں ممالک ہیں۔

پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ان کا ملک بحیرہ مشرقی چین کے ان جزائر کی "غیر متنازع ملکیت" رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ جاپان نے رواں ماہ ان 39 غیر آباد جزائر کو باقاعدہ نام دینے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جن میں سے کئی کی ملکیت کے معاملے پر چین اور جاپان کے اختلافات پائے جاتے ہیں۔

جاپان کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ جزائر اس کے "مخصوص معاشی زون" میں شامل ہیں جب کہ بیجنگ کا اصرار ہے کہ ان غیر آباد جزائر کو قدیم زمانے سے ہی چین کا 'جزوِ لاینفک' تصور کیا جاتا رہا ہے۔

گزشتہ برس جزائر کی ملکیت پہ موجود اس تنازع کے باعث ایشیا کی ان دونوں بڑی معاشی طاقتوں کے تعلقات اس وقت انتہائی کشیدہ ہوگئے تھےجب جاپان نے متنازع جزائر کے نزدیک گشت پہ مامور اپنی فوجی کشتی سے ٹکرانے والی چینی ماہی گیروں کی ایک کشتی کے کپتان کو حراست میں لے لیا تھا۔

واقعے کے بعد جاپان نے جزائر کے اس سلسلے پر اپنی ملکیت کو تحفظ دینے کےلیے علاقے میں ساحلی محافظوں کے نئے دستے تعینات کردیے تھے۔

بعد ازاں دونوں ممالک نے مستقبل میں اس نوعیت کے تنازعات سے بچنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد کشیدگی میں کمی آگئی تھی۔

XS
SM
MD
LG