جاپان نے اُس وڈیو فلم کے منظر عام پر آنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ چینی ماہی گیروں کی ایک کشتی کو جان بوجھ کر جاپان کے ساحلی محافظوں کی کشتی سے ٹکرایا گیا تھا۔
پیر کو پارلیمان کے اجلاس کے دوران جاپانی وزیر اعظم ناؤ تو کان نے اس وڈیو کے منظر عام پر آنے پر معذرت کی ۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اِس واقعہ میں ملوث افراد کی نشان دہی کرے گی۔
وڈیو فلم کو جمعہ کے روز معروف ویب سائٹ یو ٹیوب پر نشر کیا گیا تھا۔
جاپانی ساحلی محافظوں کی طرف سے بنائی گئی اس وڈیو فلم کو ایک پارلیمانی کمیٹی کے سامنے بھی پیش کیا گیا تھا، لیکن حکام اِس کی عام تشہیر سے گریزاں تھے کیوں کہ یہ جاپان اور چین کے درمیان تناؤ کو وسعت دے سکتی ہے۔