چین میں حکام نے کہا ہے کہ ہو ائی جہاز سے سفر کرکے ملک میں داخل ہونے والے دو جاپانی باشندوں پر تابکاری کے” تشویش ناک حد تک“ اثرات کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ جاپانی مسافر بدھ کو مشرقی چین پہنچے تھے اور دوسرے ملکو ں سے آنے والے افراد کے طبی معائنے کے لیے قائم خصوصی ادارے نے جمعہ کو ایک بیان میں دونوں کے جسموں پر تابکاری کے اثرات کا انکشاف کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تابکاری سے متاثرہ دونوں جاپانیوں کو طبی امداد دی گئی لیکن دوسرے لوگوں کو اُن سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اس ماہ شمال مشرقی چاپان میں 9 شدت کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں طاقت ور سونامی سے ساحلی شہر فوکو شیما میں جوہری توانائی کی ایک تنصیب کو شدید نقصان پہنچنے سے پلانٹ کے ری ایکٹرز میں کولنگ سسٹم ناکارہ ہو گیا اور جوہری تابکاری کے اخراج سے محفوظ رکھنے کے لیے لاکھوں لوگوں کو اس علاقے سے میلوں دور منتقل کرنا پڑا۔