رسائی کے لنکس

چین: چاقوؤں سے حملے میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سنکیانگ میں شدت پسند تنظیم ایسٹ ترکستان موومنٹ کے لوگ بھی سرگرم ہیں جن کے خلاف چینی حکومت نے سخت کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔

چین کے مغربی علاقے سنکیانگ میں مقامی حکام نے بدھ کو بتایا کہ چاقوؤں سے مسلح افراد کے ایک حملے میں کم ازکم پانچ لوگ ہلاک ہو گئے جب کہ پولیس نے فائرنگ کر کے تین حملہ آوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

مقامی حکومت کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شامل پیشان کاؤنٹی میں پیش آیا اور اس میں تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس علاقے میں ویغور نسل سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی اکثریت آباد ہے جو ہان نسل کے دیگر مقامی باشندوں اور حکومت پر اپنے خلاف امتیازی سلوک کی شکایت کرتی آئی ہے۔

سنکیانگ میں شدت پسند تنظیم ایسٹ ترکستان موومنٹ کے لوگ بھی سرگرم ہیں جن کے خلاف چینی حکومت نے سخت کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔

تاہم حکام نے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ حملہ آوروں کا تعلق اس تنظیم سے تھا یا نہیں۔ لیکن ان کے بقول یہ "بدمعاش" لوگوں کی کارروائی تھی اور حکام اس واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں کر چکے ہیں۔

پیشان کاؤنٹی سنکیانگ کے جنوب میں پاکستان کی سرحد سے ملحق ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایوسی ایٹڈ پریس" نے اس خطے کے ویغور کے بیرون ملک مقیم ایک ترجمان دلشاد راشد کے حوالے سے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشان کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور لوگوں کو یہاں سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

اس بارے میں مقامی پولیس سے رابطے کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہو سکیں۔

XS
SM
MD
LG