چین میں پہاڑوں پر طویل میراتھن میں حصہ لینے والے 21 ایتھلیٹس کی ہلاکت کے واقعے پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بعض حلقوں کی جانب سے میراتھن کے منتظمین کو ایتھلیٹس کی ہلاکتوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔
چین کے صوبے گانسو کے ییلو ریور اسٹون فوریسٹ میں ہفتے کی شام میراتھن کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 172 ایتھلیٹس شریک تھے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق میراتھن کے منتظمین نے 100 کلو میٹر کی دوڑ کے لیے ییلو ریور اسٹون فوریسٹ کا انتخاب کیا تھا جو ایک پہاڑی سلسلہ ہے جہاں درجہ حرارت منفی سے بھی نیچے چلا جاتا ہے۔
ہفتے کی شام ہونے والی اس میراتھن میں ایتھلیٹس ٹی شرٹ اور شارٹس پہن کر شریک تھے اور اچانک ٹھنڈ بڑھنے کے باعث 21 ایتھلیٹس ہلاک ہو گئے جب کہ زندہ بچ جانے والوں نے چونکا دینے والے بیانات دیے ہیں۔
مقامی میڈیا نے غیر مصدقہ موسمیاتی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میراتھن کے وقت ییلو ریور اسٹون فوریسٹ پر درجہ حرارت منفی 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
ناقدین کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ موسم کی صورتِ حال سے متعلق پیشگی اطلاع دینے والے ادارے کے انتباہ کے باوجود منتظمین نے اسے نظر انداز کیوں کیا؟
صوبائی حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے جو واقعے کے اسباب جاننے کی کوشش کرے گی۔
میراتھن میں شریک ایک امیدوار زانگ ژیاتاؤ نے مقامی سوشل میڈیا سائٹ 'ویبو' پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ پہاڑ پر ہوا بہت تیز تھی اور وہ بار بار گر رہے تھے۔
ان کے بقول، "میرے جسم کے اعضا جمنا شروع ہو گئے تھے اور مجھے ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے میں اپنے جسم پر کنٹرول کھو رہا ہوں۔"
زانگ نے بتایا کہ بے ہوشی کے بعد جب انہیں ہوش آیا تو ان کے پاس ایک چرواہا موجود تھا جس نے انہیں قریب ایک غار میں پناہ دی تھی اور ان کے پاس آگ جلائی تاکہ وہ حرارت لے سکیں۔
ریس میں شریک ایک اور ایتھلیٹ لیو جنگ نے سرکاری نشریاتی ادارے 'سی سی ٹی وی' کو بتایا کہ انہوں نے کئی ایتھلیٹس کو پہاڑ سے واپس اترتے ہوئے دیکھا جو ٹی شرٹس اور شارٹس میں ملبوس تھے۔
انہوں نے کہا کہ پہاڑ سے واپس آنے والوں نے بتایا کہ کئی ایتھلیٹس کی حالت خراب ہے اور وہ دوڑ کو جلد ختم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
میراتھن میں ہلاک ہونے والے 21 ایتھلیٹس میں چین کی جانب سے طویل دوڑ میں حصہ لینے والے رنرز لیانگ جنگ اور ہوانگ گانجن بھی شامل ہیں۔
ہوانگ گانجن 2019 میں منعقدہ نیشنل پیرالمپک گیمز میں مردوں کی طویل دوڑ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں جب کہ لیانگ حالیہ چند برسوں کے دوران الٹرامیراتھن ریس کے متعدد ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔
چین کے سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے شدید غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض صارفین نے منتظمین پر میراتھن کے لیے ناقص انتظامات کا بھی الزام عائد کیا ہے۔