رسائی کے لنکس

چین میں دھماکے، کم از کم 44 ہلاک سیکڑوں زخمی


شہر کے مختلف اسپتالوں میں کم ازکم چار سو زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

چین کے شہر تیانجن میں بدھ کی شب دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے ایک گودام میں موجود ’کیمیکل کنٹنر‘ میں دھماکے سے کم ازکم 44 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق 30 سیکنڈز کے اندر اندر دو دھماکے ہوئے جو کہ اتنے طاقتور تھے کہ کئی کلومیٹر تک نہ صرف ان کی آوازیں سنی گئیں بلکہ گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بھی ان کی گونج سے بج اٹھیں۔

عینی شاہدین نے دھماکے کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں، جس میں بڑے پیمانے پر شعلوں سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔ بیجنگ کے جنوب مشرق میں 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تیانجن میں شمالی چین کی ایک بڑی بندرگاہ ہے۔

ایک عینی شاہد خاتون نے بتایا کہ وہ خریداری کر رہی تھیں کہ اس دوران شدید دھماکے کی آواز آئی۔ انھوں نے مڑ کر دیکھا تو آگ کا ایک بڑا سا گولہ اوپر اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔

کئی کلومیٹر تک عمارتوں کی کھڑکیوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے سے بھی متعدد افراد زخمی ہوئے۔

شہر کے مختلف اسپتالوں میں کم ازکم چار سو زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی تھی جسے بجھانے کا کام جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG