رسائی کے لنکس

تائیوان: پارک میں آتشزدگی سے 500 سے زائد افراد زخمی


بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث ان کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے، حکام کا کہنا ہے درجنوں زخمی ایسے ہیں جن کا جسم 50 فیصد سے زائد جل چکا ہے جس کی وجہ سے آنے والے چند روز ان کی زندگی کے لیے بہت اہم ہیں۔

تائیوان کے ایک تفریحی پارک میں آتشزدگی اور دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد اتوار کو 516 تک پہنچ گئی جن میں سے 180 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ہفتہ کو مرکزی شہر تائی پے کے نواح میں واقع "فورموسا فن کوسٹ واٹر پارک" میں جس وقت یہ واقعہ پیش آیا تو وہاں ایک ہزار کے لگ بھگ لوگ موجود تھے۔

تاحال دھماکے اور آتشزدگی کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن حکام کے بقول کلر پارٹی "رنگین پارٹی" کے دوران یہاں مختلف رنگوں کا پاؤڈر ہوا میں اڑایا گیا جس کے بعد اس میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ بھڑک اٹھی اور پھر دھماکا بھی ہوا۔

حکام تاحال اس واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں اور پارک کو بھی فی الوقت بند کر دیا گیا ہے۔

ابھی تک اس واقعے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی لیکن بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث ان کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

امدادی کارکنوں نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر یہاں سے لوگوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ پر نشر کیے گئے مناظر میں یہاں لوگوں کو چیخ و پکار کرتے دکھایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے درجنوں زخمی ایسے ہیں جن کا جسم 50 فیصد سے زائد جل چکا ہے جس کی وجہ سے آنے والے چند روز ان کی زندگی کے لیے بہت اہم ہیں۔

XS
SM
MD
LG