رسائی کے لنکس

چین میں امریکی سرمایہ کاروں کو مسائل درپیش ہیں: امریکی وزیر تجارت


چین میں امریکی سرمایہ کاروں کو مسائل درپیش ہیں: امریکی وزیر تجارت
چین میں امریکی سرمایہ کاروں کو مسائل درپیش ہیں: امریکی وزیر تجارت

چین نے امریکہ کے وزیر تجارت گیری لاک کی تنقید پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بیرونی سرمایہ کاری کا دفاع کیاہے۔ لاک چین میں نئے امریکی سفیر نامزد کیے جاچکے ہیں ۔

امریکہ کی جانب سے تنقید اور چین کا ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اگلے ہفتےدونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور سٹرٹیجک امورپر اعلیٰ سطحی سالانہ مذاکرات ہونے والے ہیں۔

لاک نے بدھ کے روز واشنگٹن میں کہا تھا کہ چینی کمپنیوں کو امریکہ میں ان امریکی کمپنیوں کے مقابلے میں زیادہ فوائد حاصل ہورہے ہیں جو چین میں کا کام کررہی ہیں اور یہ کہ یہ عدم توازن دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

جمعرات کے روز بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کی ایک بریفنگ کے دوران ترجمان جیانگ یو نے یہ بات زور دے کر کہی کہ چین میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مساوی برتاؤ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کو کامیابی کے لیے اپنی استعداد پر انحصار کرنا چاہیے۔

لاک نے یہ بیان امریکہ میں چینی سرمایہ کاری پر دو تھنک ٹینکس کے ایک مطالعاتی جائزے کی اشاعت پر دیاتھا۔

انہوں نے کہاتھاکہ چین اپنے کاروباری ماحول کا دائرہ محدود کرتا جارہاہے اور امریکہ اگلے ہفتے ہونے والے مذاکرات میں اپنے تحفظات کا اظہار کرے گا۔

ادھر بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کی ترجمان جیانگ کا کہناتھا کہ چین غیر ملکی سرمایہ کاری کی اپنی سود مند پالیسی کے قانونی تقاضوں میں بہتری لانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں توقع ہے اگر چین میں لاک کی بطور امریکی سفیر نامزدگی کی توثیق ہوجاتی ہے تو وہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے میں ایک متحرک کردار ادا کریں گے۔

XS
SM
MD
LG