رسائی کے لنکس

آصف زرداری چین پہنچ گئے


پاکستان کے صد آصف علی زرداری 16ویں ایشیائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور چینی وزیراعظم سمیت عالمی و مقامی رہنماؤں سے ملاقات کیلئے جمعرات کی شام چین پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر نائب گورنر لیوکن، نائب میئر چن منگدے اور پاکستان کے سفیر مسعود خان نے انکا خیر مقدم کیا۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی ایشیائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔

صدر کے وفد میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر مملکت خارجہ امور ملک عماد خان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سلیم ایم مانڈوی والا اور وزیر داخلہ رحمن ملک شامل ہیں۔ صدر چینی وزیراعظم وین جیا باؤ اور تھائی وزیراعظم ابھیشت ویجا جیوا کے علاوہ مقامی کاروباری رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2 سال قبل صدارت کے منصب پر فائز ہونے کے بعد یہ صدر آصف علی زرداری کا چھٹا دورہ ہے۔

اپنے دو روزہ دورے کے دوران صدر مملکت ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ پاک چین اقتصادی تعاون فورم سے خطاب اور توانائی، تعمیرات، کان کنی، پٹرولیم، انجینئرنگ، جہاز رانی، مالیات اور بینکاری شعبوں کے کارپوریٹ رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

آصف علی زرداری اپنے قیام کے دوران ذرائع ابلاغ کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 2 سال کے عرصہ کے دوران مختلف شعبوں میں پانچ درجن سے زیادہ اقدامات اٹھائے گئے اور تقریباً 40 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔

چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے اقامتی ہوٹل آمد کے فوری بعد صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 7 ارب ڈالر کے قریب ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 120 چینی کاروباری ادارے پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔

تجارت اور اقتصادی تعاون کیلئے پانچ سالہ پروگرام کے تحت 60 سے زائد منصوبوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے تقریباً نصف شروع ہو چکے ہیں۔ سرمایہ کاری میں سہولت کیلئے پاک چین مشترکہ سرمایہ کاری کمپنی قائم کی گئی ہے۔ فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر آصف علی زرداری پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے خلیجی ممالک میں منڈیوں تک چین کی رسائی فراہم کرنے پر زور دیتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG