رسائی کے لنکس

لندن میں چین کے نئے سال کی رنگا رنگ تقریبات


سیاحتی حکام کے مطابق، لندن پریڈ یورپ میں چین کے قمری سال کا سب سے بڑا جشن ہے، جسے چین سے باہر اتنے بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے

اس سال چین کے نئے قمری سال کی شاندار تقریبات کو دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر جمع ہوئے۔

چینی نئے سال کا آغاز8 فروری سے ہوا۔ اسی مناسبت سے 14 فروری کو مرکزی لندن کی سڑکوں پر رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں، جس میں مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والےہزاروں افراد اور خاندانوں نے شرکت کی۔

سیاحتی حکام کے مطابق، لندن پریڈ یورپ میں چین کے قمری سال کا سب سے بڑا جشن ہے، جسے چین سے باہر اتنے بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔

اتوار کو چینی نئے سال تقریبات کا آغاز ٹرافالگر اسکوائر سے شروع ہونے والی گرینڈ پریڈ کے ساتھ ہوا، جس میں فنکاروں کے گروپ ہاتھوں میں دستکاری کے نمونوں، ہاتھ سے بنی لالٹین اٹھائے ہوئے رقص کرتے ہوئے جلوس کے روایتی راستوں سے گزرے۔

چینی فنکاروں کے گروپ سرخ اور تیز رنگوں کے لباس میں ملبوس تھے، جنھوں نے ڈھول اور چینی موسیقی پر رقص اور قلابازی کے کرتب پیش کئے۔

اس پریڈ کی خاص بات شیر کا لباس پہننے ہوئے 10چینی فنکاروں کا دلچسپ رقص تھا۔

علاوہ ازیں ڈریگن کٹھ پتلی تماشہ پیش کرنے والے فنکاروں کی خوبصورت کارکردگی نے لوگوں کے دلوں کو جیت لیا۔

جلوس ٹرافالگر اسکوائر سے نکل کر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا لندن کے چائنا ٹائون پرختم ہوا، جہاں اسی مناسبت سے سجاوٹ اور خصوصاً بچوں کے لیےدیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اسی حوالے سے لندن کے مشہور و معروف ٹرافالگر اسکوائر پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں نوجوان چینی ثقافتی سفیروں کی طرف سے اسٹیج پر قدیم چینی روایات اور ثقافت پر مبنی ایک میوزیکل شو پیش کیا گیا۔

حاضرین اس موقع پر چینی گلوکاروں اور مزاحیہ فنکاروں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔ بچوں کے ایک گروپ نے روایتی سازوں پر چینی دھنوں کو پیش کیا، تو لوگوں نے دل کھول کر ان کی پرفارمنس پر تالیاں بجا کر داد پیش کی.

نوجوانوں کے گروپ نے اسٹیج پر مارشل آرٹ کا مظاہرہ پیش کر کے حاضرین کو خاصا محظوظ کیا۔

اس موقع پر اسٹالوں پر چینی دستکاری کی اشیا، بچوں کے کھلونے فروخت کئے جارہے تھے، وہیں چینی کھانے کےاسٹالوں پر طرح طرح کے سوپ، چائنیز ایگ رولز، نوڈلز اور چاولوں کی لذیذ ڈشیں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھیں۔

نئے سال کی تقریبات کو موسم بہار کے میلے کے طور پر منایا گیا،جو نئے قمری سال کی پندرہ روزہ تقریبات ' لالٹین فیسٹیول' کے اختتام پر منایا جاتا ہے ۔

چینی قمری سال کے بارے میں

ہر نئے قمری سال کو 12 جانوروں کی خصوصیات کے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے۔ جو چینی برجوں میں ظاہر ہوتے ہیں۔چینی علم نجوم میں بھی ان 12 برجوں کو 12 خانوں یا ہاوسسز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

لیکن مغربی علم نجوم کی طرح یہاں ہر ایک برج کی میعاد ایک ماہ نہیں ہے بلکہ ایک برج کی طوالت ایک سال کے ساتھ کی جاتی ہے۔

اس سال بندر کا سال ہے جو اب اگلے سال 12برس بعد یعنی 2028 میں آئے گا۔

چینی علم نجوم کے مطابق اگر آپ 1944,1956,1968,1980,1992,2004، 2016 میں پیدا ہوئے ہیں تو آپ شرارتی اور ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ مقناطیسی شخصیت کا مالک ہو سکتے ہیں۔

بندر کے سال کو چینی قمری کلینڈر کا سب سے خوش قسمت سال تصور کیا جاتا ہے۔

چینی روایات کے مطابق بندر کے سال میں نیلے، سفید اور سنہرے رنگوں کو خوش قسمت تصور کیا جاتا ہے۔ اس سال کے خوش قسمت نمبر 4 اور 9 ہیں ،جبکہ 2 اور 7 نمبروں سے گریز کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG