رسائی کے لنکس

لندن میں کرسمس کی شاپنگ آخری مراحل میں


کرسمس خوشیوں، محبتوں اور امن کا تہوار ہے اور موقع جب خوشیوں کا ہو تو شاپنگ کرنے میں اور بھی زیادہ مزہ آتا ہے۔

دنیا بھرکی مسیحی برداری ان دنوں کرسمس کی بھر پور تیاریوں میں مصروف ہے۔ اب جبکہ ' کرسمس ایو' سے قبل صرف ایک روز ہی خریداری کے لیے باقی بچا ہے تو ایسے میں لندن کی شاپنگ اسٹریٹس، سپر اسٹورز اور شاپنگ مال خریداروں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر جو لوگ آخری وقت میں شاپنگ کرنے کا شوق رکھتے ہیں ان کے لیے کرسمس سے پہلے کے یہ آخری گھنٹے آخری موقع ثابت ہوتے ہیں۔

کرسمس خوشیوں، محبتوں اور امن کا تہوار ہے اور موقع جب خوشیوں کا ہو تو شاپنگ کرنے میں اور بھی زیادہ مزہ آتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ کرسمس کی آمد سے مہینوں پہلے ہی لوگ کرسمس کی تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔

اگرچہ کرسمس کے موقع پرخریداروں کو متوجہ کرنے کے لیے دوکانداروں کی جانب سے گاہے بگاہے بڑی بڑی رعایتی سیلیں لگائی جاتی ہیں۔ خاص طور پر اس موقع پر لباس، زیورات، جوتوں، ہینڈ بیگز، گھڑیاں، کاسمیٹکس، پرفیوم اور الیکٹرانک مصنوعات سے لے کر گروسری کی اشیاء بلکہ تقریبا ہر چیز ہی سستے داموں میں فروخت کی جاتی ہیں اور خریدار اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔

کرسمس کے تہوار کا سینتا کلاز کی آمد کے ساتھ گہرا رشتہ ہے لہذا بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنےکے لیے والدین کی جانب سے سب سے زیادہ خرچہ بچوں کے تحائف کی خریداری پر کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھلونوں کی دوکانوں پر 50 سے 60 فیصد تک رعایتی سیل لگائی جاتی ہے۔

کرسمس پر پسندیدہ کھلونوں کے اعتبار سے بچوں کا رجحان ہر سال تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ مثلاً لیگو بلاکس اور پاور رینجرز کےکرداروں پر مشتمل کھلونے اگرچہ لڑکوں میں آج بھی مقبول ہیں لیکن رواں برس بچوں کی طرف سے الیکٹرانک تحائف کا مطالبہ سر فہرست رہا۔ اسی طرح بچیوں میں باربی ڈول کے ساتھ کھیلنے کا رجحان یکسر تبدیل ہو چکا ہے جس کی جگہ فروزن فلم کے دو کردار ایلسا اور اینا ڈول نے لے لی ہے۔

اخبار 'ٹائمز' کےمطابق اس ہفتے میں کرسمس کے آخری لمحات کی خریداری کے حوالے سے منگل مصروف ترین دن ثابت ہو گا۔ اس روز سے کرسمس ایو تک برطانیہ میں ہر سکینڈ میں 15,300 پونڈ کی خریداری کی جائے گی۔

کرسمس ایو کو روایتی طور پر بھول جانے والے تحائف اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کے حوالے سے آخری موقع سمجھا جاتا ہے کیونکہ 24 دسمبرکو بازار اور دوکانیں سر شام ہی بند ہوجاتی ہیں جس کے ساتھ ہی، لندن کی شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام اور شدید افراتفری خریداروں کے صبر کا امتحان لیتی ہے۔

خوردہ فروشی کی تحقیق کے مرکز 'سی پی آر' کے مطابق کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے گزشتہ ہفتے کا دن خریداری کے حوالے سے مصروف ترین رہا۔ اس ایک روز 1.2 ارب پونڈ کی خریداری کی گئی اور اوسطاً ہر شخص نے 92 پونڈ کرسمس کی خریداری پر خرچ کئے۔

مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ کرسمس سے قبل آخری پانچ دنوں کے درمیان لگ بھگ 4.74 ارب پونڈ کی خریداری کی جاسکتی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہوگی۔

​واؤچر ڈاٹ کام کے مطابق رواں برس آن لائن تحائف کی ڈیلیوری میں تاخیر کے مسئلے سے بچنے کے لیے ساٹھ فی صد سے زائد خریدار ہائی اسٹریٹس کی دوکانوں کا رخ کررہے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق مجموعی طور پر تیس لاکھ سے زائد خریدار ہر سال کرسمس کی شاپنگ آخری 12 دنوں میں مکمل کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG