رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی: بم دھماکے میں 26 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم ازکم 26 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔

ایجنسی کے انتظامی مرکز پاراچنار کے مصروف بازار ہونے والے اس بم دھماکے کی نوعیت کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا پہلے سے نصب بم پھٹنے سے ہوا اور کچھ کے مطابق یہ خودکش بمبار کی کارروائی تھی۔

دھماکے کی جگہ سے قریب ہی ایک مسجد بھی واقع ہے جہاں نماز جمعہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ دھماکے سے متعدد دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس قبائلی علاقے میں حالیہ ہفتوں میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔

دریں اثناء کرم ایجنسی سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں جمعہ کو ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم آٹھ شدت پسند مارے گئے ہیں۔

لڑائی میں امن لشکر کے دو رضاکار ہلاک اور تین سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

مقامی حکام اور انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے طالبان مخالف امن لشکر کے رضا کاروں کے ہمراہ خیبر ایجنسی کی دور افتادہ وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی اور انھیں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل تھی۔

گن شپ ہیلی کاپٹروں کی کارروائی میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال دو ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG