رسائی کے لنکس

کلنٹن کو نمونیہ کی شکایت، کیلیفورنیا مہم معطل


امریکہ کے منصب صدارت کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ہلری کلنٹن میں نمونیہ کی تشخیص کے بعد وہ پیر اور منگل کو مغربی ریاست کیلیفورنیا میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گی۔

ان کے ایک ترجمان نے اتوار کو دیر گئے بتایا کہ وہ پہلے سے طے شدہ دورے اور تقریبات میں حصہ نہیں لیں گے جن میں فنڈز جمع کرنے کی تقریب اور اقتصادیات سے متعلق خطاب شامل تھا۔

کلنٹن کی انتخابی مہم کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق کلنٹن کو ایک عرصے سے کھانسی کی شکایت تھی اور جمعہ کو ڈاکٹر نے ان کا معائنہ کیا اور بتایا کہ اںھیں نمونیہ ہوا ہے۔

انھیں اینٹی بائیوٹکس تجویز کرتے ہوئے ڈاکٹروں نے انھیں اپنی مصروفیات میں تبدیلی کا مشورہ دیا تھا۔

لیکن اس تشخیص کو اتوار تک ظاہر نہیں کیا گیا تھا اور جب نیویارک میں ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں کی برسی کی تقریب میں کچھ نڈھال نظر آئیں تو اس بارے میں بیان جاری کیا گیا۔

وہ اچانک اس تقریب سے اٹھ کر چلی گئیں اور ایک وڈیو میں دکھایا گیا کہ انھیں گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے کچھ لوگ سہارا دے رہے ہیں۔

کلنٹن کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ وہ "گرمی کے باعث پانی کی کمی کا شکار ہوئیں"، لیکن اب بہت بہتر ہو رہی ہیں۔

68 سالہ کلنٹن بعد ازاں اپنی بیٹی چیلسی کے اپارٹمنٹس سے باہر آتے ہوئے دیکھی گئیں جہاں انھوں نے اپنے حامیوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ "میں اب بہتر محسوس کر رہی ہوں، نیویارک میں یہ ایک خوبصورت دن ہے۔"

صدارتی انتخاب میں دو ماہ باقی رہ گئے ہیں اور بظاہر کلنٹن کی صحت کا معاملہ طوالت اختیار کر سکتا ہے۔ ان کے حریف ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یہ کہا جاتا رہا ہے کہ کلنٹن صدارت کے فرائض کے لیے درکار قوت نہیں رکھتیں۔

70 سالہ ٹرمپ نے گزشتہ سال اپنے معالج کی طرف سے ایک خط جاری کیا تھا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ "صدر منتخب ہونے کے لیے اب تک کے سب سے صحت مند شخص ہیں۔"

لیکن بعد ازاں ڈاکٹر نے یہ اعتراف کیا کہ انھوں نے یہ خط جلد بازی میں پانچ منٹ میں لکھا جب کہ ٹرمپ کی صدارتی مہم کی لیموزین اس وقت باہر انتظار کر رہی تھی۔

XS
SM
MD
LG