امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ ہلری کلنٹن چین، بنگلہ دیش اور بھارت کے لیے اپنے سہ ملکی دورے پر 30 اپریل کو واشنگٹن سے روانہ ہوں گی۔
امریکی وزیر خارجہ کلنٹن اور وزیر خزانہ ٹموتھی جی گیتھنر تین اور چار مئی کو امریکہ اور چین کے درمیان چوتھے سٹرٹیجک اور اقتصادی مذاکرات کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ اس اجلاس میں چین کی نمائندگی نائب وزیر اعظم وانگ کی شان اور سٹیٹ کونصلر دائی بن گو کریں گے۔
جس کے بعد ہلری کلنٹن 5 تا 8 مئی تک بنگلہ دیش اور بھارت کا دورہ کریں گی۔ اپنے اس دورے میں وہ ڈھاکہ، کولکتہ اور نئی دہلی میں رکیں گی۔
ڈھاکہ میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ کلنٹن دونوں ممالک کے درمیان سیاسی ، اقتصادی اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تعاون بڑھانے کے لیے بنگلہ دیش حکومت کے سینیئر عہدے داروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کریں گی ۔
جب کہ کولکتہ میں وہ ریاستی عہدے داروں اور عوامی تنظیموں کے نمائندوں سے ملیں گی۔
دارالحکومت دہلی میں مزکلٹن ، سٹرٹیجک شراکت داری کے جائزے، اور 13 جون کو واشنگٹن میں ہونے والے امریکہ بھارت سٹرٹیجک مذاکرات پر، جس کی صدارت وزیر خارجہ کلنٹن اور بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا مشترکہ طورپر کریں گے،بھارتی حکومت کے عہدے داروں سے بات چیت کریں گی۔